اسلام آباد: (سچ خبریں) چیئرمین پیپلز پارٹی نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین کو آئینی ترمیم پر ووٹ دینے کی ہدایت کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں آئینی ترامیم پر ہونے والے پیشرفت سے پارٹی کا آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران بلاول بھٹو نے آئینی ترامیم پر ووٹ دینے کے لیے اراکین کو ہدایت جاری کردی۔
قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ لاجز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر جسٹس منصور علی شاہ میرٹ پر پورے اترے تو وہ چیف جسٹس بن جائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا پاکستان تحریک انصاف موجود ہو یا نہیں لیکن آئین سازی آج ضروری ہوگی، کوئی طعنہ نہیں دے سکتا کہ انہوں نے ترمیم کروانے کے لیے کسی قسم کی جلد بازی کی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ نے 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی تھی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے حمایت کرنے پر اتحادی جماعتوں کے سربراہاں کا خصوصی شکریہ ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ملکی معاشی استحکام کے بعد یہ آئینی استحکام کی جانب یہ ایک اہم سنگ میل ہے اور ملکی ترقی اور عوامی فلاح کے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلہ کیا گیا ہے۔