اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پر اپوزیشن کا بیانیہ افسوسناک ہے،ایف اے ٹی ایف کے پلیٹ فارم پر بھارت کا چہرہ بری طرح بے نقاب ہوا ہے ۔ کوشش کر رہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنی پڑے، چند گیس فیلڈز کی مرمت 3 سے 4 ہفتے میں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی جو 2 ڈھائی سال میں کامیابیاں ہوئیں وہ تحریک انصاف دور میں ہوئیں، ایف اے ٹی ایف پر اپوزیشن کا بیانیہ افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بھارت کا اصلی چہرہ فیٹف کے پلیٹ فارم پر بری طرح بےنقاب ہوا، بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کو فیٹف کے اندر سیاسی کیا جائے۔حماد اظہر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف حکام کے سامنے پاکستان بھارت کے عزائم بتاتا رہتا ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آج کل اپوزیشن بیروزگار ہے، اپوزیشن کو کوئی بیانیہ نہیں مل رہا ہے تو وہ بیانیہ بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم سے 50 فیصد پانی مل رہا ہے، 2 ایل این جی ٹرمنل کے معاہدے ن لیگ کے دور میں ہوئے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنی پڑے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فرنس آئل کی مقدار اس وقت کم ترین سطح پر ہے، چند گیس فیلڈز کی مرمت 3 سے 4 ہفتے میں کی جائے گی، آر ایل این جی کے سودے میں 500 ارب روپے بچائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیکٹر میں کہیں لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی، گرمیوں میں فرنس آئل کے پلانٹس چلتے ہیں، اگر یہ فرنس آئل پلانٹس نہ بھی چلیں تب بھی بل دینا ہوتا ہے۔ ماضی میں 35 سے 40 لاکھ ٹن فرنس آئل استعمال ہوتا تھا۔