اسلام آباد(سچ خبریں)پاکستان مسلم لیگ ن نے موجودہ صورتحال میں سخت معاشی فیصلے اکیلے کرنے سے انکار کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت معیشت بحال کرنے کے لیے سخت اقدامات پر تیار ہے مگر اس کی ایک سیاسی قیمت بھی ہے ، وہ سیاسی قیمت ن لیگ اکیلے ادا کرنے کو تیار نہیں ہے ، اگر یہ قیمت تمام اتحادی مل کر ادا کریں گے تو ہم تیار ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پیٹرول سبسڈی ختم کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ، یہ فیصلہ اتحادی مل کر کریں گے اور اگر سبسڈی ختم کی تو مہنگائی بڑھے گی ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کے فیصلے پر تنقید کا نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معاشی طور پر ملک تباہ کر دیا، پٹرول کی قیمت بڑھانے کے بجائے کم کر دی گئی ، آئی ایم ایف سے غلط شرائط پر معاہدہ کیا گیا، نااہل اور نالائق ٹولے نے ملک کی معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا ہے.
وزیر داخلہ نے کہا کہ پٹرول، بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ اتحادیوں سے مل کر کریں گے ، مسلم لیگ ن معاشی فیصلوں کی قیمت اکیلے ادا کرنے کو تیار نہیں، ن لیگ اتحادیوں کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہے ، معاشی بدحالی کی قیمت سب ادا کرنے کو تیار ہیں تو ہم بھی تیار ہیں ، تمام صورتحال اتحادیوں کے سامنے ہے، سب کے علم میں ہے ، ہمارا یہی فیصلہ ہے کہ سبسڈی ختم نہیں کی جاسکتی ، اس کا گند ہمیں صاف کرنے کی کیا ضرورت ہے۔
ادھر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے حکومت کو بھیجی گئی سمری میں پیٹرولیم مصنوعات کی سبسڈی ختم کرنے کا مشور دیتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کرنے کی تجویز دی ہے ، جس کے تحت ممکنہ طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا ۔