اسلام آباد(سچ خبریں) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک فضائی سفر کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں اندرون ملک فضائی سفر کیلئے 10ستمبر سے مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، اٹھارہ سال سے زائد عمر مسافروں کیلئے ایک ڈوز کی رعایت دس ستمبر سے ختم کردی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی اندرون ملک فضائی سفر کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، جاری کردہ نوٹیفکیشن میں اندرون ملک فضائی سفر کیلئے 10ستمبر سے مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی، اٹھارہ سال سے زائد عمر افراد مکمل ویکسی نیشن پر ہی اندرون ملک سفر کرسکیں گے۔
سی اے اے نے جاری کردہ سرکلر میں ہدایت کی ہے کہ متعلقہ حکام تمام ایئرلائنز سے پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔ مزید برآں وزارت قومی صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں دی جانے والی کووڈ۔19 کی تمام ویکسینیں محفوظ ہیں لہذا ویکسین سے متعلق جعلی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔
وزارت صحت کی طرف سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں لگائی جانے والی ویکسین کی تمام اقسام محفوظ ہیں ۔ وزارت کی جانب سے خبر دار کیا گیا ہے کہ کووڈ۔19 ویکسین کے بارے میں جھوٹی اور جعلی خبر نہ پھیلائی جائیں ۔ جعلی خبریں صورتحال کو مزید سنگین کرنے کے علاوہ آپ کے دوست احباب اور رشتہ داروں پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہیں لہٰذا گمراہ کن خبروں اور پراپیگنڈے سے اجتناب کیا جائے۔
دوسری جانب ملک بھر کی طرح شہرقائد میں بھی ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری ہے،مجموعی طور پر کراچی کی 36 عشاریہ 6 فیصد آبادی نے ویکسین لگوالی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کا ضلع جنوبی ویکسین لگوانے میں سرفہرست جبکہ ضلع غربی سب سے آخر میں ہے۔ ضلع جنوبی میں 72 عشاریہ 4 فیصد افراد ویکسین لگوا چکے ہیں جبکہ ضلع غربی میں ویکسین لگوانے کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔ ضلع غربی میں صرف 13 عشاریہ 34 فیصد افراد نے ویکسین لگوائی ہے، ضلع شرقی میں 70 عشاریہ 5 فیصد افراد، ضلع کورنگی میں 34 عشاریہ 46 فیصد جبکہ ضلع وسطی میں 24 فیصد افراد نے ویکسین لگوائی ہے۔