?️
اقوام متحدہ: (سچ خبریں) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا کی جانب سے غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی اور اسرائیلی پابندیاں ہٹانےکے مطالبے پر مبنی قرارداد کو ویٹو کر نے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو انتہائی تاریک لمحہ قرار دیا ہےاور کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی ہر ناکامی اس ادارے کی ساکھ کو مجروح کرتی ہے۔
امریکا نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی اور اسرائیلی پابندیاں ہٹانے کے مطالبے پر مبنی قرارداد کوچھٹی بار ویٹو کر دیا تھا ۔ 15 رکنی کونسل کے 10 منتخب اراکین کی طرف سے پیش کی گئی اس قرارداد کے حق میں 14 ووٹ پڑے ۔ غزہ میں تقریبا دو سال سے جاری اسرائیلی جنگ کے دوران امریکا نے سلامتی کونسل میں چھٹی مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کے خلاف اپنا ویٹو کا حق استعمال کیا۔
غزہ کے صحت کے حکام کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 65 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔سلامتی کونسل کے 10 غیر مستقل اراکین پاکستان، الجزائر، ڈنمارک، یونان، گیانا، پاناما، جنوبی کوریا، سیرالیون، سلووینیا اور صومالیہ نے قرارداد کا مسودہ پیش کیا جس میں تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے5مستقل ارکان چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکا کو ویٹو کا حق حاصل ہے اور انہوں نے مختلف مواقع پر اس حق کا استعمال کیا ہے۔
جمعرات کے سلامتی کونسل اجلاس کی صدارت جنوبی کوریا نے کی، جو ستمبر کے لئے سلامتی کونسل کا صدر ہے۔اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے امریکا کے ویٹو پرگہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 80ویں جنرل اسمبلی اجلاس اور اعلیٰ سطحی ہفتے کے موقع پر یہ سلامتی کونسل میں ایک انتہائی تاریک لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی کارروائی کو روکنے والی اصل رکاوٹ ویٹو کا استعمال ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بھاری ذمہ داری ہے اور اسی مقام پر جوابدہی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے انسانی المیے کے وقت سلامتی کونسل کو اپنا کام کرنے سے روکنا اس المیے کو جاری رکھنے کا باعث بن سکتا ہے۔ جو لوگ اس راہ کو چن رہے ہیں، انہیں اپنے موقف پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے غزہ کے لوگوں کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 2 لاکھ فلسطینی جو مسلسل بمباری اور محاصرے میں پھنسے ہوئے ہیں، اس ناکامی سے خطرناک پیغام جاتا ہے کہ فلسطینیوں کی زندگیاں سیاسی مفادات پر قربان کی جا سکتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی میں رکاوٹ کا ہر لمحہ اس زخم کو مزید گہرا کرتا ہے اور غزہ کے عوام کی تکلیف میں اضافہ کرتا ہے۔ سلامتی کونسل کی ہر ناکامی اس ادارے کی ساکھ کو بھی مجروح کرتی ہے۔ سلامتی کونسل کی اکثریت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے ، ہم نے اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اپنا فرض ادا کیا ہے۔ یہ خامی خود سلامتی کونسل میں نہیں بلکہ ان رکاوٹوں میں سے ایک ہے جو اس پر مسلط کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے پاکستانی مندوب نے نشاندہی کی کہ غزہ میں قحط پھیلنے کا خطرہ ہے، اسرائیلی حملوں میں روزانہ درجنوں فلسطینی شہید ہو رہے ہیں اور 10 لاکھ لوگ بے گھر ہو سکتے ہیں، مغربی کنارے میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی توسیع اسرائیلی قبضے اور اس کے اصل عزائم کو ظاہر کرتی ہے جو دو ریاستی حل کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے اور یہ 21 ویں صدی میں آباد کار استعمار کا واضح مظہر ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حقِ خود ارادیت، وقار اور انصاف کی جدوجہد میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محاصرے اور قحط کا خاتمہ اور غزہ کے تمام علاقوں میں امداد کی فراہمی کے لئے تمام داخلی اور تقسیم کے راستے مکمل طور پر کھولنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطینی کے منصفانہ، پائیدار اور پرامن حل کے لئے ایک خودمختار، مربوط اور قابلِ بقا فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے کی حدود پر مشتمل ہوں اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم انسانیت کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم انصاف کے ساتھ ہیں اور بین الاقوامی قانون کے ساتھ ہیں۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ معصوم بچوں کی چیخیں ہمارے دلوں کو چھلنی کر دینے والی ہیں اور ماؤں کا کرب ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا ہے۔ فلسطین اس سلامتی کونسل سے امید لگائے بیٹھا ہے اور ہم اُس کی طرف سے آنکھیں نہیں پھیر سکتے۔


مشہور خبریں۔
ہمارے واش رومز اور بیڈ رومز سے نکلو، اپنا کام کرو تو پاکستان بدل جائے گا، جنید اکبر خان
?️ 8 اپریل 2025اسلام آباد: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخواہ کے صدر اور چیئرمین
اپریل
پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام کا خواہشمند ہے: وزیر خارجہ
?️ 27 مئی 2021اسلام آباد(سچ خبریں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان
مئی
امریکہ میں پیدائش کے حقِ شہریت پر تنازع
?️ 27 ستمبر 2025سچ خبریں:امریکہ نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس
ستمبر
کیا دہشتگرد صیہونی آبادکاروں کے لیے دنیا میں کوئی جگہ نہیں رہی؟
?️ 4 جنوری 2024سچ خبریں: یورپی یونین اور صیہونی حکومت کے درمیان بنیاد پرست آباد
جنوری
صحافیوں پر اسرائیلی حملہ انسانیت کے خلاف جرم
?️ 27 اگست 2025سچ خبریں: غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج
اگست
مشرقی افغانستان میں دھماکہ/ 10 افراد ہلاک
?️ 15 ستمبر 2022سچ خبریں:افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا میں ایک بم دھماکے کے نتیجے
ستمبر
غزہ کے صحافیوں کو جلانا فاشسٹ جنگی جرم ہے: مزاحمت
?️ 7 اپریل 2025سچ خبریں: جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں صحافیوں کے خیموں
اپریل
پنجاب میں ہر سال بلدیاتی انتخابات ہوں گے
?️ 21 نومبر 2021اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا
نومبر