اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات اور نازیبا ریمارکس سے متعلق کیس میں شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔
الیکشن کمیشن کے رکن نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر الزامات اور نازیبا ریمارکس سے متعلق معاملے کی سماعت کی اعظم سواتی کے معاون وکیل محمد زبیر کمیشن کی سامنے پیش ہوئے جبکہ فواد چوہدری کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔
دوران سماعت اعظم سواتی کے معاون وکیل نے کہا کہ سینیئر وکیل علی ظفر مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوئے، کل اعظم سواتی ذاتی طور پر پیش ہوئے، آج راستے بند ہیں ، ہم بھی بہت مشکل سے الیکشن کمیشن پہنچے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ اعظم سواتی کو دو نوٹس دیے گئے ہیں ، اعظم سواتی کو ایک نوٹس فواد چوہدری کے ساتھ اور دوسرا بابر اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے پر جاری کیا تھا، یہ اعظم سواتی کو دیا گیا دوسرا نوٹس ہے، گذشتہ روز پہلے نوٹس کی سماعت تھی، اعظم سواتی کو آج کے کیس میں بھی شو کاز نوٹس جاری کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعظم سواتی کے ساتھ فواد چوہدری کو بھی شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر اعظم سواتی، فواد چوہدری اور بابر اعوان نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات لگائے تھے۔