اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،موجودہ صورتحال پورے خطے کو بری طرح متاثر کرے گی، دنیا افغانستان کے معاملے پرغفلت نہ برتے، اوآئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس بے پناہ اہمیت رکھتی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جو کہتا چلا آرہا ہے آج اس کو پذیرائی مل رہی ہے، پاکستان کہتا آرہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، وہاں اس وقت شدید غذائی قلت کا سامنا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان میں مالی مشکلات ہیں، بینکنگ سسٹم نہیں چل رہا، دنیا کو افغانیوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے ہوں گے، پاکستان کا مؤقف ہے کہ دنیا افغانستان کے معاملے پرغفلت نہ برتے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں، افغانستان کے اپنے وسائل کومنجمد کردیا گیا ہے، ہمارا مقصد ہے کہ دنیا کی توجہ افغانستان کی طرف دلوائیں۔ہم تاریخ کے اس دہانے پرکھڑے ہیں صحیح قدم اٹھایا توخوشحالی کا دور آسکتا ہے، اگر اس وقت ہم نے صحیح فیصلے نہیں کیے تو خطہ بری طرح متاثر ہوگا،
پاکستان کی خواہش ہے کہ افغان مہاجرین باعزت طریقے سے واپس جائیں، مہاجرین تب واپس جائیں گے جب افغانستان میں استحکام ہوگا، مہاجرین تب واپس جائیں گے جب افغانستان میں روزگار ہوگا۔