کراچی: (سچ خبریں) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان ہے، ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1127 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح دوپہر تقریباً ایک بج کر 10 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1127 پوائنٹس یا 1.57 فیصد اضافے کے بعد 73 ہزار 29 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 71 ہزار 902 پر بند ہوا تھا۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے اسسٹنٹ نائب صدر عدنان شیخ کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں تیزی سعودی وفد کی آمد اور آئی ایم ایف کی جانب سے مشن کے دورے کے بیان پر ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز (3 مئی) اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں ایک ہزار 244 پوائنٹس اضافے کے بعد 71 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریسرچ طاہر عباس نے مشاہدہ کیا تھا کہ گزشتہ 3 دنوں سے جاری 3 فیصد کریکشن کے بعد مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے پروگرام اور آئندہ بجٹ سرمایہ کار دوست ہونے کے حوالے سے پُرامید ہیں۔
یاد رہے کہ 29 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100-انڈیکس 73 ہزار پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، جس کے بعد اگلے چند روز بتدریج کمی کے بعد 2 مئی کو انڈیکس 70 ہزار 657 پر آ گیا تھا۔
اس سے قبل 26 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 771 پوانٹس اضافے کے بعد 72 ہزار742 پوانٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا تھا۔
24 اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 692 پوائنٹس اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
22 اپریل کو 100 انڈیکس 523 پوائنٹس یا 0.74 فیصد اضافے کے بعد 71 ہزار 433 پوائنٹس کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔