اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی میں شہر قائد کے رہائشیوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان 10 دسمبر کو کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم گرین لائن بی آر ٹی کا افتتاح کریں گے ہر بس میں 200 سے 250 افراد کے سفر کرنے گنجائش موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان 10 دسمبر کو کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم گرین لائن بی آر ٹی کا افتتاح کریں گے۔اس سے قبل وفاقی وزیر اسد عمر نے 25 دسمبر کو کراچی گرین لائن کا کمرشل آپریشن شروع کرنے کے حوالے سے بیان دیا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی شہر میں 2016 سے تاخیر کے شکار گرین لائن بس منصوبے کے لیے بسوں کی پہلی کھیپ ستمبر میں کراچی پہنچ چکی ہیں، کراچی گرین لائن ٹرانسپورٹ منصوبے کے لیے یہ ہائبرڈ بسیں چین میں تیار کی گئی ہیں۔
ہر بس میں 200 سے 250 افراد کے سفر کرنے گنجائش موجود ہے، بسوں میں خواتین اور معذور افراد کے لیے بھی نشستیں مختص ہیں، گرین لائن منصوبے کے پہلے فیز کی بحالی کے لیے 80 بسیں مختص ہوں گی۔گرین لائن راہداری 22 کلومیٹر طویل ہے جس پر روزانہ ایک لاکھ 35 ہزار مسافر سواری کرسکیں گے۔