اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں‘ کسی سے ذاتی مسئلہ نہیں لیکن قومی دولت لوٹنے والوں کو چھوڑا نہیں جا سکتا‘ قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے ہماری 25 سالہ سیاسی جدوجہد انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے۔
قانون کی حکمرانی اور احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے‘حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے ہر ممکن انتظامی اور پالیسی فیصلے کررہی ہے‘ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے‘ ترجمان معاشی میدان میں حکومتی کامیابیاں اجاگر کریں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر معاشی ٹیم نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ کورونا وباء کے باوجود ہمارے معاشی اعشاریے مثبت ہیں‘ برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
اس وقت مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے، تاہم پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک کی نسبت کم ہے‘خطے میں سب سے کم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں۔