نیویارک(سچ خبریں) دُنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن بنانے والی کمپنی گوگل نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے معذور افراد کے لیے نئے ٹول متعارف کرادئیے معذور افراد آنکھوں کی حرکت، بھنووں کی جنبش اور ہونٹوں کی مسکراہٹ سے موبائل فون چلائیں گے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کا کہنا ہے کہ گوگل نے وہ ٹولز متعارف کرادئیے جن کے ذریعے قوتِ گویائی سے محروم اور جسمانی طور پر معذور افراد اپنی بھنویں اٹھا کر، مسکرا کر یا سر کے اشارے سے اسمارٹ اینڈرائڈ فونز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کی مدد سے گوگل کے نئے ٹولز مشین لرننگ اور اسمارٹ فون کے فرنٹ کیمرا کو استعمال کرتے ہوئے اینڈرائڈ موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کے چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی حرکت کی بنیاد پر اقدامات اٹھاتے ہیں۔
اینڈرائڈ فون چلانے والے معذور صارفین ہونٹوں کی مسکراہٹ، بھنووں کی جنبش، ہونٹوں اور منہ کی حرکت یا آنکھوں کے اشاروں کے ذریعے اینڈرائڈ فون کے متعلقہ آپشنز کا استعمال کرکے موبائل پر دستیاب سہولیات کا استعمال کرسکیں گے جو ایک بڑی پیشرفت ہے۔
نئے فیچرز کے تحت معذور اینڈرائڈ فون صارفین کیمرا سوئچ اور آنکھوں کے اشاروں سے موبائل فون چلا سکیں گے جس کیلئے پراجیکٹ ایکٹو کے نام سے نئی ایپلی کیشن بھی پیش کردی گئی۔ ایپ کا استعمال کرکے چہرے کے تاثرات کی مدد سے اینڈرائڈ فون چلایا جاسکتا ہے۔