ممبئی (سچ خبریں) بھارت کی قومی ایئر لائن ایئر انڈیا سائبر حملے کی زد میں آگئی جس کے بعد لاکھوں کی تعداد میں صارفین کا ڈیٹا چوری ہوگیا، تاہم یہ ابھی تک معلوم نہیں ہو پایا کہ یہ سائبر حملہ کس نے کیا ہے اور کیسے ہوا ہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایئر انڈیا کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ ہوا جس سے لاکھوں صارفین کا ڈیٹا چوری ہوگیا۔ ڈیٹا میں صارفین کے پاسپورٹ، ٹکٹ اور کریڈٹ کارڈ کی حساس معلومات شامل ہیں۔ ایئر انڈیا کے مطابق حملے میں کریڈٹ کارڈ کے لیے درکار سکیورٹی معلومات کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سائبر حملہ کس نے کیا۔ سائبر حملہ فروری میں رپورٹ کیا گیا۔ایئر لائن نے اپنے بیان میں بتایا کہ سائبر حملے میں 26 اگست 2011 سے 20 فروری 2021 تک کے ڈیٹا کومتاثر کیا گیا۔
ایئر لائن نے اپنے تمام صارفین کو ویب سائٹ پر جاکر فوری پاسورڈ تبدیل کرنے کی ہدایت کردی۔ایئر انڈیا کے مطابق صارفین کے ڈیٹا کو اب تک کہیں غلط طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا۔گزشتہ سال برطانوی ایئر لائن کو 4 لاکھ صارفین کا ڈیٹا غیرقانونی طور پر استعمال کرنے پر 26 ملین ڈالرز کا جرمانہ کیا گیا تھا۔