اسلام آباد(سچ خبریں) سام سنگ کے فون اب پاکستان میں بنائے جائیں گے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو سام سنگ کے موبائل فونز پاکستان میں مقامی سطح پر تیار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔اب تک کئی ملکی اور غیرملکی کمپنیوں کو مبائل تیار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق اس حوالے سے پی ٹی اے کی طرف سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو یہ اجازت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم)ریگولیشنز 2021ءکے تحت دی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے اعلامیے میں مزید بتایا ہے کہ کمپنی نے پاکستان کے شہر کراچی میں سام سنگ برانڈ کے موبائل فونز کی تیار کے لیے پلانٹ لگانے کی اجازت کے لیے درخواست دے رکھی تھی۔ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سام سنگ کے موبائل فونز کی پاکستان میں تیاری کی اجازت ملنا ایک بڑی کامیابی ہے۔
اب تک 25ملکی و غیرملکی کمپنیوں کو پاکستان میں موبائل فون ڈیوائسز تیار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان کمپنیوں کی تیارکردہ موبائل فون ڈیوائسز نہ صرف پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی بلکہ دیگر ممالک کو برآمد بھی کی جائیں گی۔