انقرہ (سچ خبریں) ترک صدر رجب طیب اردوغان نے منافقانہ بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیلی سربراہ اسحاق ہرزوگ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ترکی اور اسرائیل کے مابین روابط کو مشرق وسطیٰ کے لیئے اہم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی سربراہ اسحاق ہرزوگ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ انقرہ اور تل ابیب کے مابین تعلقات مشرق وسطیٰ کے لئے اہم ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات برقرار ہونے چاہیئے۔
یروشلم پوسٹ کے مطابق، ترک صدر رجب طیب اردغان نے صیہونی حکومت کے نئے سربراہ اسحاق ہرزوگ سے ٹیلیفون پر بات کی، اس ٹیلیفون گفتگو میں انہوں نے ترکی اور صیہونی حکومت کے مابین تعلقات کو مشرق وسطیٰ کے لئے اہم قرار دیا اور دونوں فریقین کے مابین تعاون کے امکان کا اعلان کیا۔
گفتگو کے درمیان اردوغان نے اسحاق ہرزوگ کو صدارت کا منصب سنبہالنے پر مبارکباد دی اور موجودہ اختلافات کے باوجود ترکی اور صیہونی حکومت کے مابین رابطے اور بات چیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہاکہ انقرہ اور تل ابیب میں مختلف شعبوں، خصوصا توانائی، سیاحت اور ٹکنالوجی کے شعبوں میں بڑی صلاحیت ہے اور دونوں ممالک مل کر ان شعبہ جات میں ایک دوسرے کا تعاون کرسکتے ہیں۔
اردوغان نے ہرزوگ کو یقین دلایا کہ فلسطین اور اسرائیل تنازعہ کے حل کے لیئے کوئی بھی مثبت اقدام ترکی اور اسرائیلی تعلقات کو ایک مثبت سمت میں آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ترک صدر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری دو ریاستی حل پر مبنی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اسرائیل-فلسطین تنازعہ کے پائیدار اور جامع حل کی تلاش میں ہے۔