سچ خبریں:یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے فلسطینی عوام کی حمایت میں کیے جانے والے ایک نئے فوجی آپریشن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یمن نے مقبوضہ حیفا میں قابض صیہونی دشمن کے بجلی گھر کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، یحییٰ سریع نے بتایا کہ یمن نے جنوبی حیفا میں قابض صیہونیوں کے اوروت رابین بجلی گھر پر ایک سپرسونک بیلسٹک میزائل "فلسطین 2” کے ذریعے حملہ کیا، انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن مکمل کامیابی کے ساتھ انجام پایا۔
یہ بھی پڑھیں: یمن کے بیلسٹک میزائل حملے کی انفرادیت؛اسرائیل کے دل پر کاری وار
یحییٰ سریع نے کہا کہ یمن مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنا دینی، اخلاقی اور انسانی فرض ادا کرتا رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ خدا کی مدد سے یمنی مسلح افواج کے فوجی آپریشنز جاری رہیں گے اور یمن اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مصروف رہے گا۔
یمنی فوجی عہدیدار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یمن اپنی فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرتا رہے گا تاکہ قابض صیہونی دشمن کو غزہ پر جاری جارحیت بند کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: یمن کی مزاحمتی کارروائیاں اور صیہونیوں کی بے بسی
واضح رہے کہ یہ کارروائی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران کی گئی ہے اور یمنی افواج نے صیہونی اہداف پر حملے جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔