واشنگٹن (سچ خبریں) امریکی دارالحکومت کے ایک ریسٹوران میں مسلح فرد نے کم از کم 20 گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگیا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کے ایک علاقے میں ایک بندوق بردار شخص ایک ریسٹوران میں داخل ہوا اور وہاں موجود افراد پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، ایک بندوق بردار شخص واشنگٹن ڈی سی کے ایک علاقے میں ایک ریسٹوران میں داخل ہوا، اور یہ علاقہ وائٹ ہاؤس سے ایک میل کی دوری پر واقع ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حملہ آور 20 سے زائد راؤنڈ فائرنگ کے بعد کار میں موقع سے فرار ہوگیا۔
واضح رہے کہ اگرچہ متعدد امریکی شہروں میں پرتشدد جرائم کی مجموعی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے، لیکن فائرنگ کی شرح میں نہ صرف واشنگٹن ڈی سی بلکہ کئی دوسرے امریکی شہروں میں شدید اضافہ ہورہا ہے۔
واشنگٹن ڈی سی کے جرائم کے اعدادوشمار کے مطابق، 2018 سے ہر سال مسلح حملوں کی شرح میں شدید اضافہ ہوا ہے
اس سال کے آغاز سے اب تک 471 مسلح حملے ہوچکے ہیں جبکہ اگر اس کا گذشتہ سال سے موازنہ کیا جائے تو اس طرح کے 434 واقعات پیش آئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہفتے کو ہزاروں تماشائیوں سے پُرہجوم بیس بال سٹیڈیم کے باہر تین افراد پر فائرنگ کی گئی اور افرا تفری کے بعد کھیل روک دیا گیا۔
اے ایف پی کے مطابق پولیس کی جانب سے ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ چار افراد پر فائرنگ کی گئی ہے تاہم واشنگٹن پولیس کے سیکنڈ ان کمانڈ اشان بینیڈکٹ نے بعد میں بتایا کہ واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔