واشنگٹن (سچ خبریں) امریکہ کو افغانستان میں مسلسل شکست کا سامنا ہے اور اب اس نے افغانستان میں امن کے نام پر ایک نیا کھیل کھیلنا شروع کردیا ہے جس کے مطابق کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کو ختم کرکے ایک نگراں حکومت بنائی جائے جو نئے انتخابات تک ملک کا اقتدار سنبہالے اور اس کے بعد جو بھی جماعت انتخابات جیت جائے اسے حکومت دے دی جائے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے افغانستان میں امن معاہدے پر خاطر خواہ پیشرفت نہ ہونے پر نئے انتخابات اور تب تک تمام فریقین پر مشتمل نگراں حکومت کی تجویز پیش کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکہ نے افغان حکومت کو ایک امن ڈرافٹبھیجا ہے جس میں افغانستان میں مستقل قیام امن کے لیے موجودہ حکومت کو ختم کرکے نئے انتخابات کرانے اور تب تک تمام فریقین پر مشتمل نگراں حکومت کے قیام کی تجویز دی گئی ہے۔
آٹھ صفحات پر مشتمل امن ڈرافٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نگراں حکومت سب کی مشاورت سے نئے انتخابات کے لیے آئین سازی کرے گی جس کے تحت ملک بھر میں پُرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا اور کامیاب ہونے والوں کو حکومت سونپ دی جائے گی۔
افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے یہ ڈرافٹ ایک اہم ملاقات میں سب سے پہلے صدر اشرف غنی کو بھی پیش کیا، بعد ازاں طالبان اور دیگر فریقین کو بھی پیش کیا ہے۔