سچ خبریں:فلسطینی قیدیوں کے نگراں ادارے کے میڈیا آفس نے بدھ کی رات اطلاع دی کہ صیہونی جیلوں میں ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی تعداد 1,200 تک پہنچ جائے گی۔
المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی قیدیوں کے نگراں ادارے کے میڈیا آفس نے اس وقت ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی تعداد کا ذکر نہیں کیا تا ہم یہ بتایا کہ یہ لوگ جمعرات کو ایک بڑے دھرنے میں کھانا پینا چھوڑ دیں گے، یاد رہے کہ اس سے پہلے بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی تعداد ایک ہزار بتائی گئی تھی۔
فلسطینی قیدیوں کی تحریک کی سپریم نیشنل ایمرجنسی کمیٹی نے منگل کو اعلان کیا کہ فلسطینی قیدی جمعرات سے اسرائیلی جیلوں میں ہمہ گیر بھوک ہڑتال شروع کریں گے، اس کمیٹی نے اپنے بیان میں اعلان کیا کہ پہلے مرحلے میں 1000 فلسطینی قیدی بھوک ہڑتال کرنے والے ہیں۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ہمہ گیر ہڑتال کے ساتھ ساتھ دیگر قیدی بھی تنظیمی بورڈز کو تحلیل کرنے اور جیل قوانین کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، فلسطینی قیدیوں کی تحریک نے صہیونی جیل انتظامیہ کے خلاف جنگ کو "جیل کے محافظوں کے خلاف متحد” کا نام دیا ہے کیونکہ صیہونی جیل انتظامیہ فلسطینیوں کے ساتھ نہایت ہی غیر انسانی سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔