سچ خبریں:یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ہفتے کی رات کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل اپنے آپشن کا انتخاب کرے اور روس کے خلاف یوکرین کی حمایت کرے۔
صہیونی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے صیہونی کنیسٹ سے خطاب کرتے ہوئے اپنی 15 منٹ کی تقریر میں کہا کہ یوکرین نے 80 سال قبل یہودیوں کو بچانے کا آپشن چنا تھا۔
یوکرینی صدر نے اپنی تقریر میں یوکرین پر روس کے حملے کو نازیوں کے جلتے ہوئے تنور سے تشبیہ دی زیلنسکی نے صیہونی کنیسٹ کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے پاس موجود روسی مالیاتی وسائل پر دباؤ کیوں نہیں ڈالنا چاہتے؟
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوکرین کو درپیش خطرہ اسرائیل کو لاحق خطرے سے ملتا جلتا ہے کیونکہ روسی حملے کی وجہ سے یوکرین کے لوگ اب دنیا بھر میں یہودیوں کی طرح بے گھر ہو چکے ہیں۔
زلنسکی نے مزید کہا کہ لاکھوں یوکرینی بے گھر ہو چکے ہیں، پناہ گزین ہو گئے ہیں اور اپنے پڑوسی ممالک جیسے پولینڈ، سلوواکیہ، جرمنی اور جمہوریہ چیک میں منتقل ہو گئے ہیں،ہمارے لوگ اس وقت ایسے ہی بے گھر ہیں جیسے آپ ماضی میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ روس کا یوکرین پر حملہ، جیسا کہ روس نے دکھایا ہے، یہ صرف ایک فوجی آپریشن نہیں ہے، بلکہ ایک وسیع اور غیر منصفانہ جنگ ہے جس کا مقصد یوکرین کے عوام، ملک، شہروں، ثقافت کو تباہ کرنا ہے۔