سچ خبریں:یمن کی انصار اللہ تحریک کے سربراہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ یمنی عوام کبھی بھی ذلت و رسوائی کو قبول نہیں کریں گے، کہاکہ شکست متحدہ عرب امارات کا ناگزیر مقدر ہوگی۔
یمن کی انصار اللہ تحریک کے رہنما سید عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے المسیرہ چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم سے لڑنے میں دشمنوں کا مقصد ہم پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کرنا ہے، لیکن دشمنوں کے مقابلے میں ہماری پوزیشن بہت مضبوط ہے۔
تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے کہاکہ ہمارے سامنے بہت سے مسائل اور مصائب ہیں تاہم ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوگا، ہم کبھی بھی ذلت و رسوائی کو قبول نہیں کریں گے اور ہم دشمنوں کے تسلط کو قبول نہیں کریں گے،الحوثی نے کہاکہ دشمنوں کے ہاتھوں بچوں، خواتین اور قیدیوں کے قتل سے ہمارا یقین بڑھتا ہے کہ ہم صحیح ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ بڑی غلطی مجرمانہ اور انتقامی دشمن کے تسلط کو قبول کرنا ہے جس کا ہم سامنا کر رہے ہیں،تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے کہاکہ دشمن جتنا زیادہ ہم پر ظلم کریں گے، ہم ان کے خلاف اتنے ہی زیادہ سنجیدہ ہوں گے،الحوثی نے کہاکہ ہمیں جارحیت کے آغاز سے ہی بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ہم نے خدا اور اپنی کوششوں پر بھروسہ کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور آج ہماری قوم حقیقی معنی میں کامیاب ہے۔