سچ خبریں: مقامی ذرائع نے مشرقی شام میں واقع صوبہ دیر الزور میں امریکی دہشت گرد فوجیوں کے غیر قانونی اڈے میں دھماکے کی اطلاع دی ہے۔
سریانہ ریڈیو نے ان ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ دیر الزور کے مشرق میں العمر آئل فیلڈ میں امریکی اڈے پر کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور آگ کے شعلے بھی بلند ہوہے ہیں۔
بعض ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس علاقے میں امریکی اڈے کو تین راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ سبرین نیوز ٹیلی گرام چینل نے اطلاع دی ہے کہ یہ حملے 107 ایم ایم فجر ون راکٹوں سے کیے گئے۔ ان حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار ابھی تک شائع نہیں کیے گئے۔
اسپوٹنک خبر رساں ایجنسی نے بھی مقامی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ یہ حملے کم از کم تین کاتیوشا راکٹوں سے کیے گئے جس کے نتیجے میں شدید آگ لگ گئی۔
دیر الزور میں موجود اسپوٹنک کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ ان حملوں کے بعد خطرے کی گھنٹی بجی اور امریکی افواج چوکس تھیں۔
مقامی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ایمبولینسیں فوری طور پر دھماکوں کی جگہ کی طرف روانہ ہوگئیں۔ اس علاقے میں امریکی افواج اور ان سے وابستہ مسلح عناصر تعینات تھے اور اس علاقے میں امریکی جاسوس ہیلی کاپٹر اور ڈرون پرواز کر رہے ہیں۔
اس سے قبل رواں ماہ 3 ستمبر کو صوبہ دیر الزور میں واقع کونیکو آئل فیلڈ میں امریکی اڈے کو راکٹ حملے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ کونیکو اسکوائر میں امریکی بیس پر راکٹ حملے کے بعد اس بیس میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔