سچ خبریں:مسجد اقصیٰ کے خطیب اور یروشلم کی سپریم اسلامی کونسل کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی عوام کو نئے ہجری سال کی آمد کے موقع پر ہفتے کے روز مسجد اقصیٰ میں آنے کی دعوت دی۔
شیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ رسول اللہ ؐکی ہجرت کی سالگرہ کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں ، اعتکاف کریں، دعاؤں اور ذکر کی مجلسوں میں شرکت کریں، نیز رسول اللہ ؐ کی ہجرت سے متعلق مطالعاتی نشستوں سے استفادہ کریں۔
خطیب الاقصیٰ مسجد نے کہا کہ پچھلے ہجری سال میں ہم نے مسجد اقصیٰ میں آباد کاروں کی آمد میں اضافہ دیکھا، جنہوں نے اس کے پاکیزہ اور مقدس صحنوں میں اپنی تلمودی رسومات ادا کرنے کی کوشش کی اور کئی بار اس کے دروازے مسلمان نمازیوں پر بند کر دیے، مسجد اقصیٰ کے نیچے اور ارد گرد کی کھدائی قدس کی قابض حکومت کی منظوری اور آبادکاری انجمنوں کی حمایت سے کی گئی۔
اس موقع پر شیخ صبری نے عرب اور اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں کو مضبوط کریں اور اس مقدس مسجد کے دفاع، اسے آنے والے خطرات سے بچانے، مذہبی مقدسات کے تحفظ اور اسے صیہونی حکومت کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔