سچ خبریں:حماس نے اس بات پر زور دیا کہ ایک صہیونی آبادکار خاتون کا مسجد الاقصی کے میدان میں اپنی نیم برہنہ تصویر شائع کرنے کا اقدام ایک غیر معمولی اقدام ہے جس سے فلسطینی عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں تاکید کی کہ صہیونی خاتون آبادکار کا مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اپنی نیم برہنہ تصویر پوسٹ کرنا ایک غیر معمولی فعل ہے جس سے فلسطینی قوم اور امت اسلامی اور عربی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت اور صیہونی آبادکاروں کا مسجد اقصیٰ پر حملہ کرنے پر اصرار تمام عرب حکومتوں اور اقوام کی بے عزتی کو ظاہر کرتا ہے، مسجد الاقصیٰ کے مبلغ شیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ ایک نیم برہنہ صہیونی عورت کے ہاتھوں مسجد الاقصی کی بے حرمتی انتہائی اشتعال انگیز اور چیلنجنگ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس آبادکار خاتون کو صہیونی فوج کی حمایت نہ ہوتی تو وہ ایسا کام کرنے کی جرأت نہ کرتی جبکہ کسی مقدس مقام اور عبادت گاہ میں نیم برہنہ تصاویر شائع کرنا جرم ہے۔
واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ میں ایک خاتون صہیونی آبادکار کی نیم برہنہ تصویر کی اشاعت سے فلسطینیوں اورعرب اقوام سمیت پورے عالم اسلام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔