سچ خبریں:افغانستان میں واقع مزار شریف میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ہے۔
افغان وائس (آوا) نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے ایک پیغام میں مزار شریف میں ہونے والے خونریز دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے، ادھر افغانستان کے مقامی میڈیا نے صوبہ بلخ کے صدر مقام مزار شریف میں دھماکے کی اطلاع دی۔
طلوع نیوز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکہ تبیان ثقافتی مرکز میں اور مقامی صحافیوں کی نشست کے دوران ہوا،ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ افغان حکومت کے ایک اہلکار نے الجزیرہ سے بات چیت میں بتایا کہ اس دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
روئٹرز خبر رساں ادارے نے افغان پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی افغانستان کے صوبہ بلخ کے شہر مزار شریف میں تبیان ثقافتی مرکز میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہو گئے، تاہم الجزیرہ نے طالبان حکومت کے ذرائع کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ اس دھماکے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔