سچ خبریں:متحدہ عرب امارات کی حکومت نے آج (منگل کو) ایک بیان جاری کرتے ہوئے پبلک سیکٹر کے لیے نئے ورکنگ سسٹم کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق اس ملک میں کام کے دن ساڑھے 4 دن ہوں گے جن میں ہر ہفتے پیر، منگل، بدھ، جمعرات اور جمعہ کا نصف دن شامل ہیں۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ہفتہ وار چھٹیوں میں تبدیلی کرکے انھیں جمعہ اور ہفتہ کے بجائے ہفتہ اور اتوار کرنے کا فیصلہ کیا ہے،یہ فیصلہ یکم جنوری 2022 سے لاگو ہوگا۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتہ وار کام کا نیا نظام خاندانی اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور ملازمین کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا، خاص طور پر جبکہ ہفتے کے آخر پر ہونی والی چھٹیاں ڈھائی دن پر مشتمل ہوں گی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات خلیج فارس کا واحد عرب ملک ہے جس نے ہفتہ وار چھٹیوں کے لیے جمعہ اور ہفتے کے بجائے ہفتے اور اتوار کا انتخاب کیا ہے،اسی طرح متحدہ عرب امارات دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے دوسرے ممالک کے مقابلے میں ہفتے میں سب سے کم کام کرنے کا قانون بنایا ہے جہاں اس ملک کےسرکاری ملازمین ہفتے میں ساڑھے پانچ دن کے بجائے صرف ساڑھے چار دن ڈیوٹی پر جائیں گے ، اس کے علاوہ جمعہ کی چھٹی جو عام طور پر اسلامی ممالک میں رائج ہے ، کو ختم کر دیاہے۔