سچ خبریں:صیہونی حکومت نے فلسطینیوں کے خلاف اپنے جابرانہ اقدامات کو آگے بڑھاتے ہوئے مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری کا عمل تیز کردیا ہے۔
صیہونی حکومت کی کابینہ آئندہ اتوار کو جنوبی فلسطین میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں 10 نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے گی، صیہونی وزیر داخلہ ایلیٹ شاکید اور صہیونی وزیر ہاؤسنگ زیو الکن نے اعلان کیا کہ حکومت آئندہ اتوار کے اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے منصوبے پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ یہ منصوبے بئر السبع میں حالیہ آپریشن کے جواب میں پیش کیے جائیں گے، جس کے نتیجے میں چار اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے، ان 10 قصبوں میں سے 5 قصبے ” بئر السبع ” اور "دیمونا” قصبے کے درمیان بنائے جانے ہیں۔
درایں اثنا صہیونی میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ حکومت کی منصوبہ بندی اور تعمیراتی کمیٹی نے مغربی یروشلم کے گاؤں بیت مزمیل میں 1200 مکانات کی تعمیر کے نئے منصوبے کی منظوری دی ہے۔
اسرائیلی اخبار کول ہائیر نے اطلاع دی ہے کہ یہ منصوبہ عین کرم محلے کے قریب ایک اراضی پر لاگو کیا جائے گا، یہ یونٹس 7 سے 22 منزلوں کی 12 عمارتوں میں تعمیر کیے جائیں گے،صیہونی حکومت کے 1967 میں مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم پر قبضے کے بعد ان علاقوں میں 250 سے زائد صیہونی بستیاں تعمیر کی گئی ہیں جہاں تقریباً 666000 صیہونی آباد ہیں۔