سچ خبریں:فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کےایک رکن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صہیونیوں نے جان بوجھ کر فلسطینی خواتین قیدیوں کی جیلوں میں کورونا وائرس پھیلایاہے۔
فلسطین ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کی سینئر رکن آمنہ حمید نے کہا کہ صیہونیوں نے جان بوجھ کر کورونا وائرس کو فلسطینی خواتین قیدیوں کی جیلوں میں پھیلایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہاکہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں فلسطینی خواتین قیدی مشکل حالات میں ہیں اور انہیں صیہونی حکام کی جانب سے منصوبہ بند تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے نیز صیہونی کورونا وائرس سے متاثر خواتین قیدیوں کو کوئی طبی امداد فراہم نہیں کرتے۔
جہاد اسلامی تحریک کی اس رکن نے تاکید کی کہ فلسطینی خواتین قیدی طبی طور پر نظر انداز ہونے کے علاوہ اپنے خاندان کے افراد کو دیکھنے سے بھی محروم ہیں جبکہ صہیونی انہیں اپنے وکیلوں سے بھی نہیں ملنے دیتے۔
یادرہے کہ صیہونی جیلوں میں قیدفلسطینی مرد ہوں یا خواتین ہمیشہ تشدد کا شکار رہے ہیں جہاں انھیں جسمانی تشدد کے ساتھ ساتھ روحی عذاب بھی دیا جاتا ہے جس کے باعث وہ متعدد نفسیاتی بیماریوں کو شکار ہوجاتے ہیں جبکہ اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور صیہونیوں کے خلاف اب تک کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا ہے۔