سچ خبریں:شمالی کوریا نے آخر کار مشرقی سمندر (سی آف جاپان) میں ایک نامعلوم بیلسٹک میزائل داغا۔
روئٹرز خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے تصدیق کی کہ شمالی کوریا نے مشرقی سمندر (سی آف جاپان) کی جانب ایک نامعلوم بیلسٹک میزائل داغا ہے،اس سلسلے میں یونہاپ نیوز ایجنسی نے لکھا کہیہ بیلسٹک میزائل امریکی فوج کے طیارہ بردار بحری جہاز کی جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ مشق کے لیے خطے میں موجودگی کے دو دن بعد داغا گیا۔
واضح رہے کہ اس بیلسٹک میزائل کی قسم، اس کی اونچائی، رفتار یا پرواز کے فاصلے کے بارے میں مزید تفصیلات کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا، یاد رہے کہ اس سے قبل یہ اعلان کیا گیا تھا کہ جنوبی کوریا شمالی کوریا کی آبدوز سے بیلسٹک میزائل کے ممکنہ حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
اس حوالے سے جنوبی کوریا کے ایک فوجی اہلکار نے اعلان کیا کہ ہم شمالی کوریا کے میزائلوں سے متعلق تنصیبات اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہماری تیاری مکمل ہے، جنوبی کوریا کے عہدیدار نے کہا کہ جنوبی کوریا کے صدر یون سیوک یول صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ ان کے ملک کو ایسی علامات اور نقل و حرکت کا پتہ چلا ہے کہ شمالی کوریا آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغنے کی تیاری کر رہا ہے۔