سچ خبریں: سعودی وزیر خارجہ نے اپنے آئرش اور نارویجن ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں غزہ میں جنگ بندی کے لیے عالمی برادری سے موثر کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اپنے آئرش ہم منصب مائیکل مارٹن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
اس فون کال میں سعودی وزیر خارجہ اور ان کے آئرش ہم منصب نے غزہ اور اس کے گردونواح میں تازہ ترین خطرناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا سعودی عرب بھی اسرائیل کا مخالف ہو چکا ہے؟
فیصل بن فرحان نے اس صورتحال کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کے واضح موقف کی اہمیت پر زور دیا اور فوری جنگ بندی اور بے گناہوں کا خون بہانے سے روکنے نیز بے دفاع شہریوں کی حمایت اور انسانی بحران کو پیچیدہ ہونے سے روکنے پر زور دیا۔
اس کے علاوہ سعودی وزیر خارجہ نے اپنے نارویجن ہم منصب سے بھی بات کی۔
اس ٹیلی فونک گفتگو کے دوران فریقین نے غزہ اور اس کے اطراف میں حملوں کے جاری رہنے اور شہریوں کو نشانہ بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں: حماس نے اسرائیل کی انٹیلی جنس اور سیکیورٹی سروسز کا افسانہ توڑا
بن فرحان نے کشیدگی میں اضافے اور غزہ کے باشندوں کی جبری نقل مکانی کو روکنے نیز مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور جامع سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا جس سے بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔