سچ خبریں:گذشتہ رات مسجد اقصیٰ پر آباد کاروں کے حملے کے بعد مقبوضہ بیت المقدس اور الخلیل کے متعدد علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں اور صہیونی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
پیر کی شب مقبوضہ بیت المقدس اور الخلیل میں فلسطینی نوجوانوں اور صہیونی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، یہ تنازعہ مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کی سکیورٹی فورسز کی حفاظت میں ابادکاروں کے حملے کے بعد پیش آیا، واضح رہے کہ یہ جھڑپیں اکثر سلوان اور العیسویہ قصبوں میں ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی ہلال احمر نے بھی اعلان کیا ہے کہ باب الاسباط کے قریب مسجد الاقصی پر اسرائیلی قابض فوج کے حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے، یاد رہے کہ جس وقت یہودی آباد کاروں نے مسجد الاقصیٰ پر حملہ کیا اسی وقت اسرائیلی فوجیوں نے اس مسجد میں موجود فلسطینی خواتین پر وحشیانہ حملہ کیا اور انہیں زدوکوب کیا۔
واضح رہے کہ مسجد الاقصی پر صیہونی آباد کاروں اور فوجیوں کے حملے کے جواب میں تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسجد اقصی میں صہیونی غاصبوں کے رویے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ اس کے بارے میں مناسب موقف اختیار کیا جا سکے، تاہم عالمی براداری نے ابھی تک اس صیہونی جارحیت کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔