سچ خبریں:ایران کی جانب سے افغانستان کی امداد کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اس ملک کے شمالی علاقوں میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر تیس ٹن کی نئی کھیپ تقسیم کی گئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے افغان عوام کے لیے امداد کی دوسری نئی کھیپ عشرہ فجر میں اور انقلاب اسلامی کی فتح کی 43ویں سالگرہ کے موقع پر صوبہ "سر پل” کے شہر "سوزمہ قلعہ” میں تقسیم کی گئی، 30 ٹن کی کھیپ جس میں آٹا، چاول اور تیل شامل تھا سوزمہ قلعہ کے لوگوں میں تقسیم کیا گیا جہاں ہر خاندان کو 50 کلو آٹے کا تھیلا، 10 کلو چاول کا تھیلا اور تیل کی 5 لیٹر کی بوتل دی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ امداد کی تقسیم کے دوران سوزمہ قلعہ کے گورنر بھی موجود تھے، یادرہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پہلے ہی کابل، ہرات، قندوز، قندھار اور ننگرہار صوبوں میں انسانی امداد کی 13 کھیپیں ضرورت مندوں اور دہشت گردی کے واقعات میں زخمی ہونے والوں میں تقسیم کر چکا ہے جبکہ دوسری طرف امریکہ نے افغانستان سے غیر زمہ دارانہ انخلا کرکے اس ملک پر طالبان کے قبضے کو بہانہ بنا کر اس ملک کے اثاثے منجمد کرکے اس بحرانی حالات میں افغان عوام کو اجتماعی سزا دے رہا ہے۔