سچ خبریں:جمہوریہ آذربائیجان نے دعویٰ کیا ہے کہ آرمینیا کے ساتھ اس کی مشترکہ سرحد پر آرمینیائی افواج کی فائرنگ سے ایک آذربائیجانی سرحدی محافظ زخمی ہوا ہے۔
جمہوریہ آذربائیجان کی بارڈر گارڈ فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ آرمینیائی فورسز کی جانب سے صوبہ زنگیلان میں آذربائیجان کی سرحدی محافظ افواج کی طرف اس ملک کے کپان علاقے میں واقع نیرکن اور علاقے سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک سارجنٹ زخمی ہوا ہے۔
آذربائیجان کی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصادم 20 مارچ کی صبح 2 بج کر 50 منٹ پر اس ملک کے جنوب مغرب میں واقع صوبہ زنگیلان میں ہوا، تاہم آرمینیائی حکام نے ابھی تک اس خبر پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
یاد رہے کہ باوجود اس کے کہ دو سال قبل جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 44 روزہ جنگ کے بعد جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے لیکن ان دونوں ممالک نے امن معاہدے پر دستخط نہیں کیے ،یہ مسئلہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان وقتاً فوقتاً تنازعات اور کشیدگی کا باعث بنا ہے۔
جمہوریہ آذربائیجان نے آرمینیا پر 2020 کے معاہدے کی شقوں پر عمل درآمد میں تاخیر کا الزام لگایا، جس میں ناگورنو کاراباخ کے علاقے سے مسلح افواج کا انخلاء بھی شامل ہے جبکہ آرمینیا کا دعویٰ ہے کہ دوسرا فریق جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور بدلہ لینا چاہتا ہے۔