کراچی (سچ خبریں) کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے کیسز میں اگرچہ کمی آرہی ہے تاہم اب بھی کئی افراد اس کی لپیٹ میں آرہے ہیں حال ہی میں اداکارہ کبریٰ خان اس کی لیپٹ میں آگئی ہیں۔ انسٹاگرام پر کی گئی ایک طویل پوسٹ میں کبریٰ خان نے مداحوں کو کورونا سے متاثر ہونے سے متعلق بتایا۔
کبریٰ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘بطور انسان ہمارے پاس یہ کیا بڑی یا چھوٹی چیز ہے کی پیمائش کے مزاحیہ پیمانے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ہم اس دنیا میں گھوم رہے ہیں جو ہمیں عارضی طور پر دی گئی ہے ہے تاکہ ہم ہر چیز اور ہر ایک کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں۔کبریٰ خان نے کہا کہ بہت سے لوگ کہیں گے کوئی چیز ‘صبح کی چائے کو سونگھنے جتنی چھوٹی ہے’ یا ‘ معمول کی طرح سانس لینا’ یہ بنیادی ہے، کیا یہ نارمل نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ ‘کچھ وقت میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا اور اب یہ تمام چھوٹی چیزیں اتنی چھوٹی محسوس نہیں ہوئیں’۔کبری خان نے کہا کہ میں اللہ کی شکر گزار ہوں اور صحتیاب ہورہی ہوں، آج صبح مجھے اپنی چائے کی خوشبو محسوس ہوئی اور میں شکر سے رو پڑی۔
اداکارہ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے میرے سامنے چکن کڑاہی، نٹیلا کیک، چاکلیٹ براؤنیز میری پسندیدہ چیزیں موجود تھیں، میں ان کا ذائقہ چکھ نہیں سکتی یا ان کی خوشبو بھی محسوس نہیں کرسکتی تھی۔خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے متعدد شوبز شخصیات کورونا سے متاثر ہوئی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات تین سے چار ہفتوں میں صحت یاب ہوگئی تھیں۔
چند روز قبل اسد صدیقی کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ گزشتہ ماہ اداکار فیصل قریشی، ماڈل نادیہ حسین، عدنان صدیقی اور اشنا شاہ بھی کورونا سے صحتیاب ہوئے۔ان سے قبل مصطفیٰ قریشی، سنبل اقبال اور زرنیش خان بھی کورونا کا شکار ہوئیں اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کر رکھا تھا۔کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد یکم اکتوبر سے پابندیوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ 8 شہروں میں سینما کھولنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔