کراچی: (سچ خبریں) معروف گلوکار و موسیقار عاطف اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کئی سال سے کوئی موسیقی نہیں سنی، وہ گانے تیار کرنے اور ریلیز کرنے میں مصروف تھے۔
عاطف اسلم نے حال ہی میں یوٹیوب پر ولاگ شیئر کیا، جس میں انہوں نے اپنے میوزیکل پروگرام ’بارڈر لیس ورلڈ‘ سے متعلق تفصیلات بتانے سمیت کیریئر پر کھل کر بات کی۔
ولاگ میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کیسے گلوکاری کی شروعات کی اور شہرت حاصل کرنے کے بعد اب وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن میں گھر میں تنہا گلوکاری کرتے وقت اچانک اپنی آواز سن کر احساس ہوا کہ وہ گلوکاری کر سکتے ہیں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ شروع میں اپنی آواز سن کر وہ ڈر گئے اور انہیں جھٹکا لگا کہ انہیں کیا ہوگیا ہے، بعد میں انہیں احساس ہوا کہ وہ اچھے گلوکار بن سکتے ہیں اور پھر آہستہ آہستہ انہوں نے گلوکاری پر توجہ دی۔
ولاگ میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سینیئرز کی رہنمائی کے بغیر کیریئر کو آگے بڑھایا لیکن اب وہ چاہتے ہیں کہ نئے آنے والے گلوکاروں کو وہ رہنمائی دیں۔
انہوں نے اپنے میوزیکل پروگرام ’بارڈر لیس ورلڈ‘ سے متعلق بتایا کہ مذکورہ پروگرام کے متعدد سیزن ہوں گے، پہلے سیزن کی 5 یا 6 قسطیں ہوں گی، جس میں وہ نئے گلوکاروں سمیت پرانے گلوکاروں کے گانے بھی ریلیز کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پروگرام کا حصہ بننے والے خواہش مند افراد انہیں اپنی چند منٹ کی ویڈیو بھیج سکتے ہیں، جسے دیکھنے کے بعد وہ پسند آنے والے امیدوار سے رابطہ کریں گے اور پھر مذکورہ امیدوار کو پروگرام کا حصہ بننے کی پیش کش کی جائے گی۔
عاطف اسلم نے واضح کیا کہ مذکورہ پروگرام خصوصی طور پر موسیقی اور گلوکاری کے لیے ہے، تاہم اس میں اداکاروں، ہدایت کاروں اور ویڈیوگرافرز کو بھی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
ولاگ کے دوران انہوں نے حمزہ علی عباسی کی شادی میں اپنے کردار کی بھی بات کی اور بتایا کہ حمزہ علی عباسی شادی سے قبل ان کے ساتھ حج کرنے گئے تھے، جہاں اداکار ان کے فون سے اپنی ہونے والی بیگم نیمل خاور سے شادی کے معاملات طے کرتے تھے۔
ولاگ میں ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کئی سال سے موسیقی نہیں سنی اور اب وہ میوزک سننا چاہتے ہیں۔
عاطف اسلم نے بتایا کہ گزشتہ 12 سے 15 سال کے دوران وہ میوزک گانے، پروڈکشن کرنے میں مصروف رہے، جس وجہ سے انہوں نے موسیقی نہیں سنی لیکن اب وہ موسیقی سننا چاہتے ہیں۔
گلوکار نے موسیقی نہ سننے کے انکشاف کی مزید وضاحت نہیں کی، تاہم ممکنہ طور پر ان کا یہی کہنا تھا کہ انہوں نے ابھرتے ہوئے یا نئے گلوکاروں کی نئی موسیقی نہیں سنی، صرف اپنی موسیقی تیار کرنے میں مصروف ر ہے۔