کراچی (سچ خبریں) معروف پاکستانی اداکار یاسر حسین نے اپنی انسٹا اسٹوری پر عورت کے مقام کے بارے میں بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’عورت کے مقام کو اس دنیا میں کوئی بھی چیلنج کرنے کی کوشش نہ کرے، عورت صرف بلو، رانو اور نسرین نہیں۔
پاکستانی اداکار یاسر حسین گلوکار و پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کے آج کل کی ماؤں پر دیے گئے حالیہ بیان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہونے والی تکرار پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ عورت کے مقام کو چیلنج کرنے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ ماں، بہن، بیٹی، ڈاکٹر، ایسٹروناٹ، انجینئر اور بہت کچھ ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابرارالحق نے کہا تھا کہ ’جب ہم چھوٹے تھے تو اُس وقت کی مائیں بچوں کو گود میں لیکر اُنہیں کلمہ سُنا کر اور اللّہ تعالیٰ کا نام سُنا کر سُلایا کرتی تھیں اور بچے فوراََ سے سو بھی جاتے تھے۔
ابرارالحق نے موجودہ دور کی ماؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آج کل کی مائیں اپنے بچوں کو گود میں لیتی ہیں اُنہیں موبائل فونز تھما دیتی ہیں جن پر دُعاؤں کے بجائے ’بے بی شارک‘ چل رہا ہوتا ہے۔گلوکا ر کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مِلا جُلا ردّعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔