کراچی: (سچ خبریں) اداکارہ جویریہ سعود نے خواتین کے بااختیار ہونے سے متعلق مردوں کی سپورٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عورت کی کامیابی کی پہلی سیڑھی گھر کے مرد کی سپورٹ ہوتی ہے۔
اداکارہ جویریہ سعود نے حال ہی میں رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے خواتین کی کامیابی اور ان کے بااختیار ہونے سے متعلق مردوں کی سپورٹ کی اہمیت پر گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے کی خواتین کی کامیابی کی پہلی سیڑھی ان کے گھر کے مردوں کی سپورٹ ہوتی ہے۔
انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے میرے والد، بھائی کی سپورٹ تھی تبھی میں آگے بڑھی اور پھر شوہر اور بیٹا (بچوں) کی سپورٹ تھی‘۔
جویرہ سعود نے کہا کہ ’کوئی بھی عورت اس دنیا میں کام کرنے کے لیے آگے بڑھتی ہے تو اس کی پہلی بنیاد اس کے گھر کے مردوں سے شروع ہوتی ہے ۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سعود (شوہر) نہیں ہوتے تو شاید میں صرف ایک اداکارہ ہی ہوتی، وہ میری زندگی میں آئے تو میں نے لکھنا شروع کیا، رائٹرز بن گئی۔’
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ عورت اپنی زندگی میں جتنی بھی کامیاب ہوجائےاگر اس کی فیملی خوش نہیں ہے تو اس کی خوشی ہمیشہ ادھوری رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے معاشرے میں اب بھی کافی لڑکیوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا اور میں ان لوگوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ وہ اپنی خواتین کو گھر سے باہر کام کرنے سے کیسے روک سکتے ہیں جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیوی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اپنے دور کی سب سے کامیاب بزنس ویمن تھیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر اب تک کے سب سے زیادہ ایماندار شخص اپنی خواتین کو کام کرنے سے روکنا چاہتے تو وہ ایسا کرسکتے تھے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، تو آپ لوگ کون ہوتے ہیں خواتین کو کام کرنے سے روکنے والے؟‘