کراچی: (سچ خبریں) مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں نتاشا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اریج چوہدری کا کہنا ہے کہ عزت دینے، اچھی طرح بات کرنے، احترام کرنے والے خوبصورت مرد خواتین کی کمزوری ہوتے ہیں۔
اریج چوہدری نے حال ہی میں بھارتی صحافی کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے ڈرامے میں اپنے کردار سمیت دوسرے معاملات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے کہا کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کی کہانی حقیقت سے قریب تر ہے، حقیقی زندگی میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے مثال دی کہ جس طرح ڈرامے میں ہانیہ عامر کے کردار کی منگنی کسی اور سے ہوئی ہوتی ہے لیکن اس سے شادی نہیں ہوتی اور پھر اس کی کسی دوسرے شخص سے شادی ہوجاتی ہے جو انہیں پہلے منگیتر سے زیادہ عزت اور پیار دیتے ہیں، ایسے ہی معاملات حقیقی زندگی میں بھی ہوتے ہیں۔
انہوں نے اپنے کردار نتاشا پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کردار جیسے لوگ بھی حقیقی زندگی میں موجود ہیں۔
اریج چوہدری کے مطابق ڈرامے میں انہیں نتاشا کے ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جو کہ عزت دینے، احترام کرنے اور پروٹوکول دینے والے خوبصورت مرد سے محبت کر بیٹھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی زندگی میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے، خواتین عزت و احترام دینے، اچھی طرح بات کرنے اور پروٹوکول دینے والے خوبصورت مرد سے محبت کر بیٹھتی ہیں، وہ ان سے متاثر ہوتی ہیں۔
اریج چوہدری کا کہنا تھا کہ خوبصورت مرد خواتین کی کمزوری ہوتے ہیں اور اگر ایسے مردوں میں لڑکیوں کی عزت کرنا اور انہیں پروٹوکول دینے کی عادت ہوتو خواتین ان کے قریب آنے لگتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کے کردار سمیت ڈرامے کے تقریبا تمام کرداروں کو سراہا جا رہا ہے اور ڈرامے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ خطے کے دوسرے ممالک میں بھی پسند کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ میں اریج چوہدری نے شادی شدہ خاتون نتاشا کا کردار ادا کیا ہے جو کہ پہلے سے شادہ شدہ مرد عدیل یعنی عماد عرفانی سے محبت کرنے لگتی ہیں۔
ڈرامے میں عدیل کے کردار کی پہلے ہانیہ عامر کے کردار سے منگنی ہوئی ہوتی ہے لیکن وہ ان سے شادی نہیں کرتے اور بعد ازاں وہ نعیمہ بٹ یعنی رباب سے شادی کرتے ہیں لیکن وہ شادی کے بعد بھی دوسری خواتین میں دلچسپی لیتے دکھائی دیتے ہیں۔
ڈرامے میں ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کو اہلیہ اور شوہر کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔