کراچی (سچ خبریں)پاکستان کی اداکارہ وینا ملک نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی سے اسرائیلی دہشتگرد فورسز کے کئے گئے جنگی جرائم کی تحقیقات کا راستہ آسان ہونا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وینا ملک نے لکھا کہ دنیا کسی غیرقانونی ڈیل کو آگے نہیں چلنے دے گی۔ورنہ یہ اگلی ہونے والی دہشتگردی میں اضافے کے درمیان صرف ایک وقفہ ہوگا۔وینا ملک نے اپنی ایک ٹوئٹ میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی کابینہ نے امریکا کے شدید دباؤ کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا فیصلہ کیا۔جس کے بعدحماس نے بھی جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کردی۔
دوسری جانب معروف اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ باقی دُنیا کی طرح، وہ بھی غزہ میں پیش آنے والی انسانیت سوز تباہی دیکھ کر بہت پریشان ہیں۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں مہوش حیات نے کہا کہ باقی دنیا کی طرح انہیں بھی غزہ میں انسانیت سوز تباہی پر وحشت ہو رہی ہے۔‘
مہوش حیات نے کہا کہ ’میرا دل ہر اُس متاثرہ فرد، بچے اور بےبس ماں کے لیے تڑپ رہا ہے جو اسرائیلی بمباری سے متاثر ہوئے۔اداکارہ نے کہا کہ ’میں دُعا کرتی ہوں کہ بہت جلد غزہ اور دُنیا کے دیگر حصوں سے یہ وحشت ختم ہوجائے گی اور یہ دشمنی ختم ہوجائے گی۔