کراچی (سچ خبریں) معروف پاکستانی اداکار گوہر رشید نےاسرائیلی نژاد ہالی ووڈ اداکارہ اور ونڈر وومن کا کردار نبھانے والی گال گیڈٹ کے ٹوئٹ پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے جن میں اداکارہ نے کہا تھا کہ میرا ملک حالتِ جنگ کی کیفیت میں ہے اور میں اپنے لوگوں کے لئے بہت پریشان ہوں۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کی جانے والی وحشیانہ بمباری کے خلاف جہاں ہر کوئی اپنی آواز بلند کررہا ہے وہیں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے دکھائی دے رہی ہیں۔
اسرائیلی نژاد اداکارہ گال گیڈٹ کے ٹوئٹ پر اداکار گوہر رشید نے برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا آپ کا ملک جنگ کے دہانے پر نہیں ہے بلکہ اسی نے تو جنگ کا آغاز کیا ہے۔گوہر رشید کا کہنا تھا کہ کسی کیلئے بھی حب الوطنی کا جذبہ معصوم لوگوں کی زندگی اور انسانیت سے بڑھ کر نہیں ہوسکتا۔
اداکار نے مزید کہا کہ اگر آپ کو ایسے اسرائیلی ہونے پر فخر ہے تو پھر ہم دیکھ سکتے ہیں کہ اصل مسئلہ کہاں ہے، امید ہے آپ کو جلد احساس ہوجائے گا۔واضح رہے اسرائیلی نژاد ہالی ووڈ اداکارہ گال گیڈٹ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میرا دل ٹوٹ چکا ہے، میرا ملک حالتِ جنگ کی کیفیت میں ہے، میں اپنی فیملی اور دوستوں کے لیے فکرمند ہوں، میں اپنے لوگوں کے لیے پریشان ہوں۔