لاہور{سچ خبریں} پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جو غلطی ماضی میں کی انکو درست کرنے کا سہرا وزیر اعظم کے سر جاتا ہے کیونکہ انہوں نے ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث بھٹکے ہوئے ملک کو صحیح راستے پر لگا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے ضلع میں جاکر عوامی مسائل حل کر رہا ہوں، منتخب نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، تحریک انصاف کے عہدیداران کے لئے میرے دروازے کھلے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پارٹی عہدیداران کو پورا احترام دیا جائے گا، پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان کو ان کا جائز مقام دیں گے، بوسیدہ نظام عوام کی فلاح کیلئے نہیں بلکہ اشرافیہ کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے، فرسودہ نظام کو بدل کر ہی عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں پاکستان تحریک انصاف سرگودھا کے صدر و ٹکٹ ہولڈر انصر اقبال ہرال اور ٹکٹ ہولڈر اسامہ میلہ شامل تھے۔