کراچی: (سچ خبریں) نیپرا نے کراچی کے لیے ستمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ کم کردی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کو کمی کا ریلیف نومبر کے بلوں میں دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ’کے الیکٹرک‘ نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتیں 4 روپے 62 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل 14 اکتوبر کو نیپرا نے کراچی کے لیے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ کراچی کے علاوہ ملک بھر میں بجلی 19 پیسے مہنگی کی تھی۔
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے ایک ماہ کے لیے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ کم کردی گئی ہے۔
29 ستمبر کو بھی نیپرا نے کراچی کے صارفین کے لیے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دی تھی۔
نیپرا میں کے-الیکڑک کی اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔
دوران سماعت نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ کے الیکڑک اپنے وسائل سے بہت مہنگی بجلی پیدا کر رہی ہے، کے-الیکڑک اپنے وسائل سے 37 روپے 68 پیسے فی یونٹ تک بجلی پیدا کر رہی ہے جبکہ نیشنل گرڈ سے 13 روپے 61 پیسے فی یونٹ کی بجلی لے رہی ہے۔