راولپنڈی (سچ خبریں) راولپنڈی میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم پر شدید الفاظ میں تنقید کی انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ہدف مریم بی بی کو بچانا ہے اگر انھیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دئے جائے تو پی ڈی ایم آج ہی ختم ہو جائے گی۔
راولپنڈی میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی تاریخ لکھے گا تو کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی کا ایک اہم کردار ہے اور جب بھی پاکستان پر وقت آیا تو لال حویلی اپنی عظیم افواج کے قائد قمر جاوید باجوہ اور دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر پاکستان کا دفاع کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کے ساتھ ہندوستان میں جو سلوک کیا جا رہا ہے اور میں کشمیریوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ راولپنڈی شہر کا تعلق چاہے کسی پارٹی سے کیوں نہ ہو لیکن یہ غیرت مندوں کا شہر ہے اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے آپ سے کہا تھا کہ یہ استعفے نہیں دیں گے، اچھی بات ہے مت دو، میں نے آپ سے کہا تھا کہ یہ سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے لیکن مجھے دکھ ہے کہ جس اسمبلی پر مولانا فضل الرحمٰن نے لعنت بھیجی ہے، آج اسی اسمبلی سے اپنے اراکین کے لیے ووٹ مانگنے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمیں کہتے ہیں یوٹرن لیتے ہیں لیکن تم تو ‘اباؤٹ ٹرن’ لیتے ہو، اب یہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کریں گے، آ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ میری بحیثیت وزیر داخلہ پوری کوشش ہو گی کہ ہم آپ کے راستے میں کوئی رکاوٹیں کھڑی نہ کریں لیکن اگر آپ نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو یاد رکھنا آپ سے وہ سلوک کروں گا کہ تاریخ یاد رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ ہمارے سیاسی مخالف ہیں لیکن ہم آپ سے کہنا چاہتے ہیں کہ 26 مارچ میں دو مہینے پڑے ہیں، ہم اپوزیشن کے لیے کوئی رکاوٹ کا باعث نہیں بننا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تین سال گزرنے والے ہیں، ایک سال کے بعد الیکشن مہم شروع ہو جائے گی، کیا تم اس ملک میں سیاسی انتشار پھیلانا چاہتے ہو؟
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن صاحب آپ کن بچوں کے گھیرے میں آگئے ہیں، آپ اچھے بھلے سمجھدار آدمی ہیں، آپ دیکھیں آصف زرداری کتنا بڑا گرو نکلا ہے، ان کی ضمانت کنفرم کیونکہ اس نے کہا ہے کہ کیس کراچی بھیج دو تو کوئی اس کے خلاف شہادت نہیں دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آصف زرداری کے کیس کراچی جائیں گے تو کون ان کے خلاف شہادت دے گا کیونکہ جب یہ جیل میں تھے تو سارے پاکستان کے بدمعاشوں کا نیٹ ورک اس نے بنایا ہوا تھا، جیلوں کا نیٹ ورک اس نے بنایا ہوا تھا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجھے دکھ اس بات کا ہے کہ مسلم لیگ (ن) گھیرے میں ہے، آج شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے، یہ جیل جاتے ہیں تو ان کی صحت خراب ہو جاتی ہے، جیل ان کو راس نہیں آتی، یہ اپوزیشن میں ہوں تو ان کا دل کرتا ہے کہ باہر جائیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر آج مریم بی بی کو باہر جانے کی اجازت دے دی جائے تو ساری پی ڈی ایم ختم ہو سکتی ہے، میں سارے پاکستان کو چیلنج کرتا ہوں، ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں بھی جانے دو۔
ان کا کہنا تھا کہ تم عمران خان کی حکومت پر ختم نبوت کا طعنہ دیتے ہو، شرم کرو، اس پاکستان میں کوئی شخص ثابت کرو جس نے اللہ کے نبی اور ناموس رسالت ﷺ کے لیے مجھ سے زیادہ جیل کاٹی ہو تو جو چور کی سزا وہ میری سزا۔
انہوں نے کہا کہ میں دین کی طاقتوں کو حکومت کے خلاف استعمال نہیں ہونے دوں گا، تحریک لبیک اور میرا مشن ایک ہے، میں ناموس رسالت ﷺ کا سپاہی ہوں، یہ فضل الرحمٰن اور مسلم لیگ (ن) نے تحریک ختم نبوت کے خلاف اسمبلی میں ووٹ دیا، اگر یہ غلط ثابت ہو تو مجھے پکڑ لو۔
وزیر داخلہ نے پی ڈی ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ چار مہینوں سے قوم کا وقت ضائع کررہے ہیں، بند گلی میں داخل ہوگئے ہیں، بالآخر ہم سے مذاکرات کرنے پڑیں گے اور میں پی ڈی ایم کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور ہم سے مذاکرات کریں، لوگوں کو مت تھکائیں، دو مہینے بعد آپ کا وہی حشر ہو گا جو الیکشن کمیشن کے باہر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور فضل الرحمٰن اپنا راستہ بند گلی سے کھلی گلی میں لے آئے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کو وہیں بیچ چوراہے میں چھوڑ دیں گے، اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ یہ قوم پاک فوج کے خلاف کوئی بات سن سکتی ہے تو سنو پنڈی کا اعلان ہے کہ جو پاک فوج کے خلاف بات کرے گا اس کی زبان گدی سے کھینچ لی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ کہتے تھے کہ عمران خان کی حکومت جا رہی ہے تو کان کھول کر سن لو کہ آپ جیسی اپوزیشن نالائق اپوزیشن ہو، آپ جیسے کم عقل اپوزیشن لیڈر ہوں تو عمران خان یہ ہی نہیں بلکہ اگلے 5 سال بھی حکومت میں رہے گا۔