کراچی (سچ خبریں) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔جلدی کے بجائے عام انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہئیں۔
اگر ان حالات میں بھی کوئی جماعت یا ادارہ الیکشن کا کہے تو یہ مذاق ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ اور نثار کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا یہ مذاق ہے کہ کہا جائے جہاں سیلابی پانی نہیں وہاں الیکشن کرا لیں۔
ہم الیکشن کمیشن کے حکم کے پابند ہیں۔ وزیر خارجہ نے چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ لینے والا چندہ چور دوسروں پر الزام لگاتا ہے،عمران خان کا طریقہ کار ہے اتنا جھوٹ بولو کہ لوگ سچ سمجھیں۔
عمران خان نے اپنے گھر ریگولرائز کرایا اور دوسروں کے گھر گرائے۔سیاسی مقابلہ بھی ہو گا لیکن ابھی ترجیح سیلاب متاثرین کی امداد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔عمران خان کی حکومت میں دوست ممالک سے تعلقات کو نقصان پہنچا، اب پاکستان امریکہ تعلقات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔عمران خان نے اپنی انا کے لیے ملک کو نقصان پہنچایا،میں سیلاب زدگان کو چھوڑ کر جلسے نہیں کر سکتا۔یہ نہیں ہو سکتا کہ دو پاکستان ہوں،ایک میں سیاسی گیم ہوتی رہے اور دوسرا ڈوبا رہے۔
سیاسی جماعتیں پاز کا بٹن دبا دیں،الیکشن ہوتے رہیں گے،ابھی متاثرین کے لیے کام کرنا ہے۔اس وقت ہمیں سیاست کا نہیں سوچنا ہمارے لوگ زندہ رہیں گے تو سیاست کرسکیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارا اندازہ ہے کہ سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہوگا۔بین الاقوامی برادری کے سامنے پاکستان میں ہونے والی تباہی کا مقدمہ پیش کیا،ہم نے ایک قوم بن کر سانحات کا مقابلہ کرنا ہے۔
ماڈل یوسی نہیں پورے سندھ کو ماڈل صوبہ بنائیں گے،میرے آنے سے پہلے جو ہوا سو ہوا اب خود کام کر رہا ہوں جبکہ خود تعمیر نو کے لیے وسائل جمع کر رہا ہوں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کراچی نہیں پورے ملک کی تعمیر نو کی ضرورت ہے،اسلام آباد کی طرف بڑھیں تو لگتا ہے الگ ملک ہے۔ انہوں نے سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں برطانیہ جتنی زمین کا حصہ زیر آب ہے۔سیلاب کا 50 فیصد پانی نکالا جا چکا ہے۔تمام موجودہ وسائل سیلاب متاثرین کی امداد پر لگا دیئے ہیں۔