اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان 24 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے،خطاب ویڈیو لنک کے ذریعہ ہوگا، خطاب میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سیشن میں عالمی برادری کے نمائندے شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 24 ستمبرکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ شاہ محمودقریشی یواین جنرل اسمبلی کے76 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہو گئے ہیں۔ نیویارک میں شاہ محمودقریشی مختلف وزرائے خارجہ اور یواین کےاعلیٰ عہدیداران سےملاقات کے ساتھ ساتھ کونسل آن فارن ریلیشنز سمیت متعددفورمز میں شرکت اور اظہار خیال کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے ملاقات کریں گے جبکہ مقامی وعالمی میڈیانمائندگان سے گفتگوکریں گے ، جس میں مختلف علاقائی و عالمی امورپر پاکستان کے نقطہ نظرسے آگاہ کیا جائے گا۔
جبکہ وزیراعظم عمران خان 24 ستمبرکوجنرل اسمبلی اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے مباحثوں کا محور عالمی مسائل اور بعض تنازعات کی صورتحال ہو گا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کو آگاہ کرے گا۔
منیر اکرم نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے، شاہ محمود قریشی ہفتےکو کشمیر پر او آئی سی ورکنگ گروپ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سیشن میں عالمی برادری کے نمائندے شریک ہوں گے۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد جی 20 ممالک کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہو گا جس میں افغانستان میں کام کرنے والی این جی اوز کو بھی بلایا گیا ہے۔
اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اطالوی وزیر خارجہ لوئیگی ڈی مائیو نے بتایا کہ جی 20 کا غیر معمولی اجلاس افغانستان کی صورتِ حال پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کے بعد جی 20 کے وزرائے خارجہ اجلاس کی تیاریوں کیلئے ملیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں کام کرنے والے اقوامِ متحدہ کے ذیلی اداروں کو بھی اجلاس میں بلایا گیا ہے۔