اسلام آباد(سچ خبریں)قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بجٹ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی اراکین پر سینیٹائزر بوتلیں لانے پر پابندی عائدکر دی پابندی عائد کرنے کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ روز سینیٹائزرکی بوتل کے حملے سے ایک رکن زخمی ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سینیٹائزر بوتلوں پر پابندی عائد کردی گئی ، اراکین اسمبلی کو صرف ماسک فراہم کیے گئے جبکہ اسپیکرکی ہدایت پر ایوان میں سیکیورٹی حکام نے تفصیلی معائنہ کیا۔اس سے قبل ایوان میں بھاری کتابوں کی فراہمی بھی بند کردی گئی تھی۔
گزشتہ روز اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر اُس وقت ہنگامہ آرائی کی نظر ہوگیا جب شہباز شریف اظہارِ خیال کررہے تھے۔شہبازشریف کی تقریر کے دوران قومی اسمبلی میں کتابوں کے بعد سینیٹائزر چل گئے، اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے کسی رکن نے سینیٹائزر کی بوتل حکومتی نشستوں کی طرف اچھالی جو حکومتی رکن کو جاکر لگی۔
واضح رہے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران سینیٹائزر کی بوتل لگنے سے حکومتی رکن اکرم چیمہ زخمی ہوئے ،جس پر اسیکر اسد قیصر نے فوراً نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ ’جس نےبھی کوئی چیز اچھالی اسے ایوان سے باہر نکالا جائے۔