?️
اسلام آباد: (سچ خبریں) صدر مملکت آصف علی زرداری نے اتوار کو ایک آرڈیننس جاری کیا ہے جس کے تحت وفاقی حکومت کو فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کو وفاقی کانسٹیبلری میں تبدیل کرنے کے اختیارات حاصل ہوگئے ہیں، تاکہ ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کی جا سکے اور سیکیورٹی کے مختلف تقاضوں کو مربوط انداز میں پورا کیا جا سکے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آرڈیننس کے اجرا کے فوراً بعد وزارتِ قانون و انصاف نے اس حوالے سے ایک باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا، آرڈیننس کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری ابتدائی طور پر سرحدی علاقوں میں امن و امان قائم رکھنے، ان علاقوں کی سلامتی یقینی بنانے اور عوامی امن کو برقرار رکھنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔
تاہم قومی سلامتی کے بدلتے ہوئے حالات، ہنگامی صورتحال کی بڑھتی ہوئی تعداد، قدرتی آفات، سول بے چینی اور دیگر نئے خطرات کے پیش نظر ایک زیادہ لچکدار اور ہمہ جہت فورس کی ضرورت محسوس کی گئی، جو ان چیلنجز کا فوری اور مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے۔
آرڈیننس میں کہا گیا ہے کہ چونکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس جاری نہیں ہے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر مطمئن ہیں کہ فوری اقدام اٹھانا ضروری ہے لہٰذا یہ آرڈیننس جاری کیا گیا ہے، یہ آرڈیننس، جس کا نام ’فرنٹیئر کانسٹیبلری (تنظیمِ نو) آرڈیننس، 2025‘ ہے، فوری طور پر نافذالعمل ہوگیا۔
سابق وفاقی سیکریٹری داخلہ نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ اس آرڈیننس کے تحت وفاقی حکومت کو ملک بھر میں ایف سی کو کسی بھی مقصد کے لیے، سیکیورٹی کے نام پر، استعمال کرنے کا مکمل اور قانونی اختیار حاصل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کو پہلی بار تقریباً 25 سال قبل کراچی میں تعینات کیا گیا تھا، بعد ازاں اسے وفاقی دارالحکومت میں استعمال کیا گیا اور پھر گلگت بلتستان میں چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور بڑے ڈیموں کے منصوبوں کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا۔
اس آرڈیننس سے قبل سرکاری سطح پر وی آئی پی سیکیورٹی کے لیے فورس کے استعمال پر تنقید کی جاتی تھی، لیکن اب ’ایسکورٹ کی حفاظت‘ کے نام پر یہ فورس اشرافیہ کی ذاتی سیکیورٹی کے لیے بھی کھلے عام استعمال کی جا سکے گی۔
آرڈیننس کے مطابق فورس کی سربراہی ایک انسپکٹر جنرل کرے گا، جس کا تقرر وفاقی حکومت کرے گی، ایف سی کو ریزرو فورس کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا، جو اسلام آباد پولیس، صوبائی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت میں خصوصی فرائض انجام دے گی۔
وفاقی کانسٹیبلری کی کمان انسپکٹر جنرل کے پاس ہو گی، جس کی معاونت ایڈیشنل انسپکٹرز جنرل، ڈپٹی انسپکٹرز جنرل، اسسٹنٹ انسپکٹرز جنرل اور پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے دیگر افسران کریں گے، یہ فورس سیکیورٹی اور فیڈرل ریزرو ڈویژن کے ناموں سے 2 ڈویژنز پر مشتمل ہو گی۔
وفاقی کانسٹیبلری کا ڈھانچہ ونگز، کمپنیاں اور پلاٹونز پر مشتمل ہوگا جن کی قیادت سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس یا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر فائز افسران کریں گے۔
ایف سی کا سیکیورٹی ڈویژن فرنٹیئر کانسٹیبلری کی موجودہ نفری پر مشتمل ہوگا اور اس میں بھرتی روایتی طریقہ کار کے تحت کی جائے گی، جیسا کہ متعلقہ ضوابط میں بیان کیا گیا ہے۔
وفاقی کانسٹیبلری میں ایک علیحدہ فیڈرل ریزرو ڈویژن ہوگا جو انسدادِ ہنگامہ آرائی اور خصوصی تحفظ کے لیے وقف ہوگا، اس فورس کو فوجداری ضابطہ اخلاق 1898، انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997، پولیس آرڈر 2002 اور دیگر موجودہ قوانین کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے۔
تمام اختیارات کی منتقلی
اس کے علاوہ وفاقی حکومت عمومی یا خصوصی حکم کے ذریعے وفاقی کانسٹیبلری کے کسی بھی رکن کو وہ اختیارات یا فرائض سونپ سکتی ہے جو کسی بھی پولیس افسر کو قانون کے تحت دیے گئے ہوں۔
آرڈیننس میں مزید کہا گیا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے تمام اختیارات اور اثاثے وفاقی کانسٹیبلری کو منتقل ہو جائیں گے، فرنٹیئر کانسٹیبلری میں خدمات انجام دینے والے تمام ارکان اور ملازمین، جو اس آرڈیننس کے نفاذ سے قبل فرنٹیئر کانسٹیبلری میں تھے، وہ وفاقی کانسٹیبلری میں اسی حیثیت، شرائط و ضوابط کے تحت منتقل سمجھے جائیں گے۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری کے تمام اثاثے اور واجبات، خواہ کسی بھی نوعیت کے ہوں یا جہاں بھی واقع ہوں، اس آرڈیننس کے نفاذ کے ساتھ ہی وفاقی کانسٹیبلری کو منتقل ہو جائیں گے۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری ایکٹ 1915 کے تحت جاری کردہ تمام قواعد و ضوابط، نوٹیفکیشنز اور احکامات، جب تک وہ وفاقی کانسٹیبلری آرڈیننس سے متصادم نہ ہوں، انہیں وفاقی کانسٹیبلری کے متعلقہ قوانین کے تحت ہی تصور کیا جائے گا۔


مشہور خبریں۔
آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، وزیراعظم
?️ 21 ستمبر 2024اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج
ستمبر
مشرقِ وسطی کا تنازع سفارتی ذرائع سے حل کے عزم پر قائم ہے۔ دفتر خارجہ
?️ 24 مارچ 2026اسلام آباد (سچ خبریں) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان
مارچ
غزہ جنگ میں اسرائیلی فوج کی ہلاکتوں کی تعداد
?️ 20 نومبر 2024سچ خبریں: اسرائیلی فوج نے بدھ کو اعلان کیا کہ 21 سالہ میجر
نومبر
بھارت خطرناک بحری تیاریوں میں مصروف، علاقائی بالادستی کا خواب دیکھ رہا ہے، عاصم افتخار
?️ 21 مئی 2025اسلام آباد: (سچ خبریں) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم
مئی
حمزہ شہباز کی رہائی سے سینیٹ انتخابات پر پڑنے والا فرق،شیخ رشید
?️ 28 فروری 2021اسلام آباد(سچ خبریں)ٰوفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ان
فروری
یمن کی تیل کی آمدنی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے کافی ہے: صنعاء
?️ 24 اگست 2022سچ خبریں: یمن کی سپریم سیاسی کونسل نے اس ملک کے
اگست
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد مریم اورنگزیب کی کانفرنس
?️ 7 جون 2022اسلام آباد(سچ خبریں)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کابینہ
جون
ہیریس ٹرمپ کی ابتدائی فتح سے نمٹنے کے لیے تیار
?️ 2 نومبر 2024سچ خبریں: امریکی صدارتی انتخابات میں صرف 3 دن باقی ہیں، کملا
نومبر