?️
کراچی: (سچ خبریں) بحیرہ عرب میں موجود انتہائی شدید سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور اس وقت کراچی کے جنوب سے تقریباً 760 کلومیٹر، ٹھٹہ کے جنوب سے 740 کلومیٹر اور اورماڑہ کے جنوب مشرق سے 840 کلومیٹر دور موجود ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق امکان ہے کہ یہ سسٹم شمال کی جانب بڑھتا رہے گا، اس کے مرکز کے گرد ہوائیں زیادہ سے زیادہ 140 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور لہروں کی اونچائی زیادہ سے زیادہ 30 سے 40 فٹ ہے اور سمندری حالات غیر معمولی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’ریڈیو پاکستان‘ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے لوگوں کو سمندری طوفان کے پیش نظر ساحل سمندر سے دور رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
کمشنر کراچی نے شہریوں کے ساحل سمندر پر جانے، ماہی گیری، کشتی رانی، تیراکی اور نہانے پر آج سے لے کر طوفان کے خاتمے تک کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
تاہم شہریوں نے کمشنر کراچی کا حکم نامہ رد کردیا جن کی بڑی تعداد ساحل سمندر پر موجود نظر آرہی ہے، تاحال انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی روک ٹوک نہیں کی جارہی۔
دریں اثنا کمشنر کراچی نے طوفان کے ممکنہ خطرے اور محکمہ موسمیات کے انتباہ کے پیشِ نظر شہر میں مختلف مقامات پر نصب بل بورڈز، سائن بورڈز سمیت دیگر اشتہاری مواد اور کمزور درختوں کو بھی ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کمشنر کراچی نے ہدایت دی ہے کہ شہر میں کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے بل بورڈز، سائن بورڈز سمیت دیگر اشتہاری مواد اور کمزور درخت ہٹا دیے جائیں، حکم نامے پر عملدرآمد کے لیے کے ایم سی، کنٹونمنٹ بورڈز اور تمام میونسپل کمشنرز کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ طوفان 14 جون کو شمال مشرق کی جانب مڑ کر کیٹی بندر (جنوب مشرقی سندھ) اور بھارتی گجرات کے ساحل کے درمیان سے گزرے گا، اتوار (آج) اور پیر کی سہ پہر کو ملک کے وسطی/جنوبی اضلاع میں آندھی/تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے پیسیفک ڈیزاسٹر سینٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تقریباً 13 لاکھ 80 ہزار افراد کو اس طوفان سے خطرہ ہے۔
پی ڈی سی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ سسٹم 72 گھنٹوں تک شمال کی سمت بڑھنے کی پیش گوئی ہے، جس کے بعد اس کے مشرق کی جانب مُڑنے کا امکان ہے جبکہ کچھ اثرات مغرب کی جانب منتقل ہونے کا امکان اب بھی موجود ہے۔
’زوم ارتھ‘ کے لائیو ریڈار کے مطابق اس سسٹم کے متوقع ٹریک میں معمولی تبدیلی نمایاں ہوئی ہیں، گزشتہ روز اس کے پاکستان کے ساحلی شہروں کی جانب بڑھنے کی پیش گوئی تھی، تاہم آج یہ سمندری طوفان بھارتی ساحلی پٹی کی جانب بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، تاہم سندھ کی ساحلی پٹی کا بڑا حصہ تاحال اس حوالے سے بےیقینی کا شکار ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ساحلی علاقوں میں موسم کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایک ٹوئٹ میں انہوں نے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال سے مکمل طور پر باخبر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سرکاری ملازمین کو اپنے اضلاع نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثنا بھارت کے محکمہ موسمیات نے بھی اپنے سوراشٹرا اور کچ کے ساحل کے لیے ’ییلو میسج الرٹ‘ جاری کردیا ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ بائپرجوائے مشرقی وسطی بحیرہ عرب، پوربندر سے 460 کلومیٹر دور، دوارکا سے 510 کلومیٹر دور اور نالیہ سے 600 کلومیٹر دور موجود ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ یہ سسٹم سوراشٹرا اور کچھ اور اس سے ملحقہ پاکستان کے ساحل سے 15 جون کی دوپہر تک ٹکرا سکتا ہے اور ایک انتہائی شدید درجے کا سائیکلون پیدا ہوسکتا ہے۔
’اے این آئی‘ نے طوفان سے قبل ممبئی کے ساحل پر اونچی لہروں کی ایک ویڈیو شیئر کیا۔
ایک علیحدہ رپورٹ میں کہا گیا کہ دہلی میں موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے میں آئی اور درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے نیچے گر گیا۔
’اے این آئی‘ کے مطابق نئی دہلی ریجنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر نے بتایا کہ دہلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی ہے۔


مشہور خبریں۔
فلسطینی قیدیوں کے خلاف سعودی عدلیہ کے فیصلےپر حماس کا رد عمل
?️ 9 اگست 2021سچ خبریں:فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نےسعودی عرب میں زیر حراست
اگست
امریکی وزیر خارجہ بار بار مشرق وسطی کیوں دوڑے چلے آتے ہیں ؟
?️ 11 جنوری 2024سچ خبریں: غزہ کے مسئلے کے بعد دوسرے روایتی اتحادیوں کے ذریعے
جنوری
محمد بن زاید باضابطہ طور پر متحدہ عرب امارات کے حکمران
?️ 15 مئی 2022سچ خبریں: محمد بن زید آل نہیان متحدہ عرب امارات کے نئے
مئی
اردوغان زیلنسکی اور گوٹیرس سے ملاقات کے لیے یوکرین پنہچے
?️ 18 اگست 2022سچ خبریں: ترک صدر رجب طیب اردوغان سرکاری دورے کے ایک حصہ
اگست
اسرائیلی قیدی فلسطینیوں کے قتل عام کا بہانہ بن چکے ہیں
?️ 9 جون 2024سچ خبریں: مقبوضہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی رپورٹر
جون
اسرائیلی منظر نامے کی تکرار؛ UNIFIL کے لیے تل ابیب کا خواب
?️ 30 نومبر 2025سچ خبریں: صیہونی ریڈیو کے مطابق، تل ابیو اس بات پر فکرمند
نومبر
شام میں داعش کا اہم سرغنہ ہلاک
?️ 7 ستمبر 2022سچ خبریں:شام کے سکیورٹی ذررائع نے بتایا ہے کہ درعا کے مضافات
ستمبر
ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کے لواحقین27سال گزرجانے کے باوجود انصاف سے محروم
?️ 27 مارچ 2023سرینگر: (سچ خبریں) انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن اورسینئر وکیل ایڈوکیٹ
مارچ