جوڈیشل کمپلیکس پیشی پر ہنگامہ آرائی، عمران خان، پی ٹی آئی رہنماؤں کےخلاف مقدمہ درج

?️

اسلام آباد: (سچ خبریں) توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گزشتہ روز جوڈیشل کمپلیکس آمد کے موقع پر پارٹی کارکنان کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے الزام میں سابق وزیراعظم کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ رمنا ملک راشد احمد کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ (1997) کی دفعہ 7 سمیت تعزیرات پاکستان کی دفعہ 148، 149، 186، 353، 380، 395، 427، 435، 440 اور دفعہ 506 شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے میں علی امین گنڈاپور، حماد اظہر، خرم نواز، امجد نیازی ، اسد عمر، عامرکیانی، فرخ حبیب سمیت پی ٹی آئی کے متعدد اہم رہنماؤں اور کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں جوڈیشل کمپلیکس کو نقصان پہنچانے میں ملوث 18 افراد، جوڈیشل کمپلیکس کے پارکنگ ایریا کو نقصان پہنچانے اور آگ لگانے میں ملوث 22 افراد اور پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر زخمی کرنے میں ملوث 19 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا کہ ان میں سے کچھ افراد کے پاس سے پتھر، لائٹر اور پیٹرول سے بھری بوتلیں برآمد ہوئی ہیں۔

ایف آئی آر میں ایس ایچ او ملک راشد احمد نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے 17 دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ مل کر نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

ایس ایچ او ملک راشد احمد نے ایف آئی آر میں دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کارکنان پتھروں سے لیس تھے جو انہوں نے ڈھوک کشمیریاں پولیس اسٹیشن کی چیک پوسٹ پر پھینکے اور چیک پوسٹ پر لگے بیریئرز اور خیموں کو جلا دیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ہجوم نے جوڈیشل کمپلیکس کو چاروں اطراف سے گھیر لیا، اس کے مرکزی دروازے کو توڑ دیا اور پھر عمارت پر پتھراؤ کیا جس سے اس کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے ایک اور گروپ نے جوڈیشل کمپلیکس کی پارکنگ میں 16 سرکاری گاڑیوں، پولیس کی گاڑیوں اور 4 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی، انہوں نے پولیس کی گاڑ سے 9 ایم ایم پستول، 20 ہزار روپے اور ایک وائرلیس سیٹ بھی چُرا لیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں سے 8 اینٹی رائٹ کٹس چھین لیں، پولیس اہلکاروں کو لاٹھیوں سے مارا اور ان پر پتھراؤ کیا۔

پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے سیف سٹی کی فوٹیج شناخت کے لیے نادرا کو بھجوادی ہیں، ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

دریں اثنا اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس پیشی پر مشتعل کارکنوں کی اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور دیگر معاون فورسز کے اہلکاروں پر پتھراؤ سے 52 اہلکار زخمی ہوئے، علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس کی 12 اور پنجاب پولیس و ایف سی کی 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جن میں سے اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔

ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ’آئی جی اسلام آباد نے اس مد میں ہونے والے نقصان کا جلد از جلد تخمینہ لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں‘۔

ایک علیحدہ ٹوئٹ میں پولیس نے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کی جوڈیشل کمپلیکس کے دورے کی تصاویر شیئر کیں جہاں انہوں نے مختلف فورسز کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی شرپسند عناصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ، مظاہروں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثنا پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ لاہور میں عمران کی رہائش گاہ پر غیر قانونی آپریشن میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑانا ناقابل معافی ہے، لاہور ہائی کورٹ اپنے فیصلوں کا پہرہ دے، وہ تمام پولیس افسران جنہوں نے غیر قانونی آپریشن کیا اور تشدد میں ملوث رہے، ہم ان کے خلاف مقدمات درج کرا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں اس حوالے سے ایکشن پلان پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان کے گھر کے اندر ہونے والے ظلم اور تشدد کی مذمت کی اور حکومت سے ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کیا۔

یاسمین راشد نے کہا کہ ’میرے خیال میں حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے اور اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ آپ اس وقت دنیا کے سامنے پاکستان کا کیا تماشا لگا رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسا اس لیے کر رہی ہے کیونکہ وہ انتخابات نہیں کروانا چاہتی، براہ مہربانی حکومت عقل سے کام لے اور اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔

مشہور خبریں۔

وزیراعظم ایک بہت بڑا رسکی کام کرنے جارہے ہیں:سینئر صحافی عارف حمید بھٹی

?️ 25 مارچ 2022اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم ایک بہت بڑا رسکی کام کرنے جارہے ہیں،

بھارت کے جارحانہ آبی اقدامات خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ اسحاق ڈار

?️ 21 دسمبر 2025اسلام آباد (سچ خبریں) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے

جموں کے میڈیکل کالج میں مسلمان طلبا ء پرہندوتوا غنڈوں کا حملہ، طلباء کا احتجاج

?️ 15 مئی 2023جموں: (سچ خبریں) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں

حکومت نے اپوزیشن کو الیکٹرونگ ووٹنگ مشین کا ماڈل دیکھنے کی دعوت دی

?️ 19 مئی 2021اسلام آباد(سچ خبریں) حکومت نے الیکشن میں دھاندلی سے بچنے کے لئے

اگر حماس نے اسلحہ نہ رکھا تو ہم رکھوائیں گے؛ ٹرمپ کی دھمکی

?️ 18 اکتوبر 2025سچ خبریں:ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مختصر انٹرویو میں اپنے روایتی خود ستائشی

حماس کو تباہ کرنا ناممکن

?️ 11 جنوری 2024سچ خبریں:صیہونی حکومت کے چینل 13 کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتھونی

پاکستان کے پہلے مقامی فاسٹ چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا

?️ 10 اپریل 2021اسلام آباد(سچ خبریں) پاکستان میں پہلی بار بجلی سے چلنے والی گاڑیوں

پاکستان تشکر، تشکر؛ ایرانی پارلیمنٹ کے اجلاس میں ارکان اسمبلی نے نعرے لگا دئیے

?️ 16 جون 2025اسلام آباد (سچ خبریں) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے پارلیمان میں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے