سچ خبریں:یورپی یونین کے عہدہ دار روس کے خلاف وسیع پیمانے پر عائد پابندیوں کی نگرانی کرنے کے لیے ایک مرکز کے قیام کے سلسلہ میں مذاکرات کر رہے ہیں۔
فنانشل ٹائمز اخبار نے روس کے خلاف پابندیوں کے نفاذ میں یورپی ممالک کے درمیان عدم مطابقت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ برسلز مرکزی نگرانی کے لیے امریکی دفتر خارجہ کے اثاثہ جات کے کنٹرول(OFAC) جیسی تنظیم بنانے کی کوشش کر رہا ہے، فنانشل ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں روس کے خلاف پابندیوں کو تیز کرنے کے لیے یورپی یونین کی کوششوں کے بارے میں لکھا کہ برسلز کے اعلیٰ حکام پورے یورپی یونین میں پابندیوں کے وسیع اور مربوط نفاذ کے لیے ایک مرکز کے قیام کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔
یورپی یونین کے مالیاتی خدمات کے کمشنر Mairead McGuinness نے اس بارے میں ایک انٹرویو میں کہا کہ یورپی یونین کے حکام OFAC کا یورپی ورژن پیش کرنے کے لیے تیار ہیں ، واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ کی نگرانی میں OFAC پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔
یورپی یونین کے اس اعلیٰ عہدے دار نے اس یونین کی اینٹی منی لانڈرنگ آرگنائزیشن(ALMA)کے قیام کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین ALMA کو ان قوانین میں ترمیم کے ذریعے پابندیوں کی نگرانی کا اختیار دے سکتی ہے جو نافذ ہو چکے ہیں۔