سچ خبریں:طالبان نے افغان شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں میں موسیقی نہ سنیں اور خواتین مردوں کے بغیر سفر نہ کریں۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو طالبان حکام نے کہا کہ طویل سفر کی منصوبہ بندی کرنے والی خواتین کو اس وقت تک نقل و حمل کی خدمات نہیں ملنی چاہیے جب تک ان کے ساتھ کوئی مرد رشتہ دار نہ ہو ،اچھائیوں کا حکم دینے والی اور برائیوں سے روکنے والی طالبان کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ہدایت میں تمام گاڑیوں کے مالکان سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنی خدمات صرف حجاب پہننے والی خواتین کو فراہم کریں۔
وزارت کے ترجمان صدیق عاکف مہاجر نے اتوار کو اے ایف پی کو بتایا کہ 45 میل (72 کلومیٹر) سے زیادہ سفر کرنے والی خواتین کوا س وقت تک عام گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے جب تک ان کے ساتھ خاندان کا کوئی قریبی فرد نہ ہو۔
واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جاناے والی ہدایات میں افغان ٹیلی ویژن چینلز کو خواتین اداکاروں پر مشتمل ڈرامے اور سیریل بند کرنےکے لیے بھی کہا گیا ہے، وزارت نے ٹیلی ویژن کے لیے کام کرنے والی خواتین صحافیوں سے بھی کہا کہ وہ رپورٹنگ کے دوران حجاب پہنیں۔
وزارت نے ایک سرکلر بھی جاری کیا جس میں لوگوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی گاڑیوں میں میوزک بجانے سے گریز کریں۔